عازم جان
بانڈی پورہ//بھارتیہ جنتا پارٹی نے بانڈی پورہ میں ایک ضلعی سطح کی میٹنگ کم ورکشاپ کا انعقاد کیا، پروگرام کی صدارت اشوک کول جنرل سکریٹری (تنظیم) نے کی جہاں انہوں نے وکست بھارت – روزگار کی ضمانت اور آجیویکا مشن (گرامین)ورکشاپ سے خطاب کیا اور بعد ازاں ایک تنظیمی میٹنگ میٹنگ کی۔ اشوک کول نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر کڑی تنقید کی اور ان لوگوں کے تئیں ان کی وابستگی پر سوال اٹھائے جنہوں نے انہیں ووٹ دیا۔ کول نے کہا، ’’وزیراعلیٰ کو اپنے لوگوں کے لیے دستیاب ہونا چاہیے جنہوں نے انھیں ووٹ دیا اور نیشنل کانفرنس کو بہت بڑا مینڈیٹ دیا‘‘۔ انہوں نے اس پر مایوسی کا اظہار کیا جسے انہوں نے اس بحرانی وقت میں وادی بھر کے لوگوں کے مصائب سے وزیر اعلیٰ کی بے حسی کے طور پر بیان کیا۔کول نے چیف منسٹر کی گلمرگ میں تفریحی سرگرمیوں میں مصروف ہونے کی اطلاعات پرکہا “وزیراعلیٰ صاحب کو ان بحرانوں میں وادی بھر کے لوگوں کے تکالیف پر غور کرنا چاہیے بجائے اس کے کہ وہ لطف اندوز ہوں اور گلمرگ میں اسکیئنگ کریں،۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات قیادت اور عوام کے درمیان رابطہ منقطع ہونے کی عکاسی کرتے ہیں۔کول نے مزید کہا، “اب لوگ سمجھ گئے ہیں کہ ان کے ووٹ صرف ان کی قیادت کے لیے عیش و عشرت کے ویزے تھے جنہیں انھوں نے ووٹ دیا تھا۔” انہوں نے کہا کہ حکمران حکومت عوامی شکایات کو مؤثر طریقے سے دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔