عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران چندہ وصول کرنے والی این جی اوز کو ریگولیٹ کرنے کا حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کشتواڑ ضلع انتظامیہ نے مقامی مذہبی رہنمائوں کے ساتھ مشاورت کے بعد لیا ہے اور اس معاملے پر سیاست نہیںکی جانی چاہیے۔کشتواڑ ضلع کے حکام نے بدھ کے روز ایک حکم جاری کیا، جس میں مقدس مہینے کے دوران عطیات کی وصولی کو منظم کیا گیا، جس میں غیر مجاز فنڈ اکٹھا کرنے کے خدشات کا حوالہ دیا گیا۔جمعرات کو اسمبلی میں کانگریس ممبران اسمبلی غلام احمد میر اور نظام الدین بھٹ کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کا جواب دیتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو دیکھا ہے اور پتہ چلا ہے کہ کشتواڑ میں ڈپٹی کمشنر نے من مانی طور پر حکم جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو پہلے ہی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مقامی کمیونٹیز کے ساتھ رابطہ کریں اور رمضان کے لیے ضروری تیاری کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسی ہی ایک میٹنگ کے دوران، کشتواڑ اور اس کے آس پاس کے مسلم کمیونٹی کے مذہبی رہنمائوں نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور رمضان کے دوران لوگوں کی جانب سے چندہ اکٹھا کرنے کے لیے فرضی غیر سرکاری تنظیمیں(این جی اوز)قائم کرنے کے معاملے کو اجاگر کیا۔عبداللہ نے کہا، “انہوں نے انتظامیہ کو مطلع کیا کہ اکثر رقوم چیریٹی یا ایسے مریضوں کے نام پر اکٹھی کی جاتی ہیں جن کے وجود کی تصدیق نہیں کی جا سکتی، اور اس بات کی کوئی وضاحت نہیں ہے کہ فنڈز کو حقیقت میں کیسے استعمال کیا جاتا ہے،” ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی این جی اوز کو اس کے نتیجے میں نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور وہ انتہائی ضروری امداد سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ”علما اور کمیونٹی کے نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے ان حقیقی خدشات کی بنیاد پر، ڈپٹی کمشنر نے حکم جاری کیا،” انہوں نے کہا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کشتواڑ میں جامع مسجد کے امام نے دیگر علما اور مذہبی رہنماں کے ساتھ اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔