پونچھ// کورونا وائرس کے سبب پوری دنیا کی طرح ہمارے ملک کو بھی لاک ڈائون کے سخت دور سے گزرنا پڑرہاہے، جس کی وجہ سے غریبوں ، یومیہ مزدوری کرنے والوں اور بے سہارا افراد کا گزر اوقات نہایت مشکل ہوگیاہے۔ یومیہ مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ لاک ڈائون کے سبب فاقہ کشی کی نوبت تک پہنچ چکے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر انسانیت کے ناطے جہاں بہت سے صاحب ثروت لوگ بلاتفریق مذہب وملت غرباء اور حاجت مندوں کے درمیان راشن اور دیگر ضروری سامان تقسیم کرکے انسانیت کی اعلیٰ مثال پیش کررہے ہیں۔ضلع پونچھ کی غیر سرکاری تنظیم عثمان غنی ویلفیئر ٹرسٹ بھی پونچھ ضلع میں ریلیف کے کام میں سرگرم عمل ہے۔تنظیم کے بانی وسرپرست حاجی خلیل احمد نے بتایا کہ کرونا وائرس کے نتیجہ میں پیداہونے والی بے روزگاری اور گھروں میں خوردونوش کی اشیاء کے ختم ہوجانے کے سبب پونچھ کے دیہی علاقوں اورشہروں وقصبات تک ان کی تنظیم مستحقین تک اشیائے ضروریہ پہنچانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا غریب خاندانوں کی نشاندہی کرکیان کی تنظیم ضروری سامان راشن کٹ کی شکل میں انھیں مہیا کر رہی ہے جو غیرت مندی کے سبب اپنی مفلوک الحالی پوشیدہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا لاک ڈائون کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے پر پریشان حال افراد ، بھوک اور فاقہ کشی کی نوبت تک پہنچنے والے افراد کی بڑی تعداد کی نشاندہی ہوئی ہے، جن کے لئے صاحب خیر افراد کے تعاون سے مزید راشن کٹ تیارکرکے تقسیم کا نظام بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کاتقاضہ یہ ہے کہ موجودہ سخت مشکلات کی گھڑی میں بلاتفریق ہرضرورت مند کی مدد کرنی چاہئے، کیونکہ ہمدردی اور انسانیت کے جذبہ کے ساتھ ہم سب مل کر مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔