عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں کشمیر بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او امیتاوا چٹرجی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ جامع معاشی ترقی کیلئے ایک اسٹریٹجک ضرورت بھی ہے۔وہ جموں میں بینک کے ڈویژنل آفس میں عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بینک کی خواتین افسران اور اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈپٹی جنرل منیجرزانیتا نہرو، وریندر کوراورحفیظہ رحیم سمیت دیگر افسران موجود تھے جبکہ کئی سینئر افسران نے سرینگر میں کارپوریٹ ہیڈکوارٹر سے آن لائن شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیتاوا چٹرجی نے کہا کہ آج خواتین مختلف شعبوں میں قیادت کر رہی ہیں اور جے اینڈ کے بینک میں بھی خواتین کی نمائندگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینک کے تقریبا ً42 فیصد صارفین خواتین ہیں جو بینک پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک خواتین کی مالی خودمختاری اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مصنوعات اور پروگرام جاری رکھے گا۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل منیجرحفیظہ رحیم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ عالمی یومِ خواتین کا موضوع Give to Gain ہے جو باہمی تعاون اور شمولیتی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے خاندان، معاشرہ اور ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔