یو این آئی
نیویارک// بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 4 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی۔تفصیلات کے مطابق امریکہ ایران کشیدگی اور جنگ بندی مذاکرات میں تعطل کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ مسلسل جاری ہے۔ بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں سال 2022 کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ، لندن برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 113.85 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 3.12 فیصد اضافے کے ساتھ 110.17 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال لندن برینٹ کے جون کے سودوں میں دیکھی گئی، جہاں 7 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ قیمت 126 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔ یہ قیمتیں 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے بھی تجاوز کر گئی ہیں۔