تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے محکمہ بجلی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازمین نے نوکریوں کی مستقلی اور کم از کم اجرت ایکٹ کولاگو کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے۔ ان عارضی ملازمین نے احتجاج کے دوران جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پچیس سالوں سے حکومتیں آئیں اور گئیں لیکن ان کی جانب کسی نے کوئی دھیان نہیں دیا اور حکومتی کھوکھلے نعروں اور وعدوں کے سواکچھ نہیں کررہی ہے ۔مظاہرین نے کہا کہ محکمہ پی ڈی ڈی میں کام کے دوران ان کے اکثر ساتھوں کی جانیں ضائع ہو گئی ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلیل ماہانہ تنخواہوں پر وہ گزارہ کرنے پر مجبور اور مقروض ہو کر رہ گئے ہیں۔ اور عارضی ملازمین کو اپنے اپنے محکموں کی بھر پور خدمت کے عوض بھوک اور سماج میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ متعدد ڈیلی ویجر ورکروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پورے نہ کئے تو وہ اپنے کنبوں سمیت سڑکوں پر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ حکومت کی توجہ اپنے مطالبات کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کی لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے وزیر اعظم جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منیمم ویجز ایکٹ لاگو کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن بدقسمتی سے اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو عارضی ملازم کام کرنے کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے یا کھمبوں سے گر کر جابحق یا معزور ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ کو فوری امداد بھی فراہم کی جائے۔