سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں منگل کی شام ہونے والی شدید بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت اور روزمرہ امور میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلسل بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں نالیاں اْبل پڑیں جبکہ سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں صبح سے ہی موسم ابر آلود رہا اور آسمان پر گہرے بادل چھائے رہے۔ شام کے اوقات میں اچانک موسلا دھار بارش شروع ہوئی جو تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہی۔ اس دوران ضلع کے تقریباً تمام علاقوں میں اچھی خاصی بارش ریکارڈ کی گئی۔شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
متعدد مقامات پر نکاسی آب کا نظام ناکافی ثابت ہوا اور نالیاں اوور فلو ہونے لگیں، جس کے نتیجے میں گندا پانی سڑکوں اور بازاروں میں بہنے لگا۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے نکاسی آب کے بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔بارش کے سبب گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو خاصی پریشانی اٹھانی پڑی۔ بازاروں میں بھی معمول کی چہل پہل کم دیکھی گئی اور لوگ بارش سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف جاتے نظر آئے۔دوسری جانب شدید گرمی اور حبس سے پریشان عوام نے بارش کے بعد موسم میں آئی خوشگوار تبدیلی کا خیر مقدم کیا۔ بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی جس سے لوگوں نے راحت محسوس کی۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بارش کے دوران نکاسی آب کے مسائل سامنے آنا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق راجوری قصبہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے دوران پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث معمولی بارش بھی شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دیتی ہے۔ لوگوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل حکام سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے کر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں عوام کو اس طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی بعض علاقوں میں مزید بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔