فیاض بخاری
بارہمولہ//رفیع آباد کے علاقے حمام مرکوٹ سے ایک تشویشناک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں سکولی بچے شدید بارش کے دوران ایک چھوٹے اور خستہ حال لکڑی کے پل کو عبور کرکے اپنے اسکول پہنچتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ لکڑی کا پل ندی پر عارضی طور پر قائم ہے اور بارش کے موسم میں اس کی حالت مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے نہایت احتیاط کے ساتھ پھسلن زدہ پل کو عبور کر رہے ہیں، جبکہ تیز بارش اور پانی کے بہاؤ کے باعث کسی بھی وقت حادثے کا اندیشہ موجود رہتا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، تاہم اب تک کوئی مستقل اور محفوظ متبادل راستہ یا پختہ پل تعمیر نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ روزانہ درجنوں طلبہ اسی پل کے ذریعے اسکول آتے جاتے ہیں، جس سے والدین مسلسل خوف اور پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔مقامی باشندوں نے انتظامیہ، محکمہ تعمیرات عامہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ لوگوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بارشوں کے موجودہ موسم میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔