کابل //افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے مضافات میںطالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے جبکہ طالبان نے تین اضلاع پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔طالبان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ملک کے 421 اضلاع میں سے 50 سے زیادہ پر قبضہ کیا ہے۔طالبان کے کئی دعوؤں سے حکومت اتفاق نہیں کرتی اور آزادانہ ذرائع سے اس کی توثیق مشکل ہے۔قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن امرالدین ولی نے بتایا کہ ’طالبان کے جنگجو شہر کے دروازوں پر ہیں اور وہ افغان فورسز کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’طالبان جنگجوؤں نے ہائی وے پر پوزیشنزسنبھال رکھی ہیں جو قندوز کو قریبی صوبوں سے جوڑتی ہے۔‘قندوز پولیس کے ترجمان انعام الدین رحمانی نے افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فورسز نے 24 گھنٹوں میں تقریباً 50 طالبان کو ہلاک کیا ہے۔طالبان افغانستان کے تقریباً ہر صوبے میں موجود ہیں اور کئی بڑے شہروں کو گھیرے میں لے رہے ہیں۔ اسی حکمت عملی کے تحت طالبان جنگجو 90 کی دہائی کے وسط میں بھی افغانستان کے زیادہ تر حصے پر قابض ہوئے تھے۔