سرینگر// ضلع مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت نے جمعرات کو ایک وائرل ویڈیو ،جس میں ایک نجی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں ایک طالب علم کو استاد نے زدکوب کیا تھا،کے سلسلے میں دونوں فریقوں کے بیانات قلمبند کردیئے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر نے ہوپ کلاسز کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ کو وائرل ویڈیو کے سلسلے میں اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے عدالت میں پیش ہونے کو کہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ نے جمعرات کوکیس کی سماعت کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ منتظمین اور طالب علم کے والدین سمیت دونوں فریقوں کی دلیل سنی اور اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معلومات جمع کی گئی ہیں اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ اور طالب علم کے والدین کو جمعرات کوطلب کیا گیا اور ان کے بیانات قلمبند کردیئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس مقدمے کی کارروائی دفعہ 107 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت شروع کردی گئی ہے اور زیر تفتیش استادکو پہلے ہی تھانہ صدر نے گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے کہا’’ہوپ کلاسزنے بھی اپنے استاد کی جانب سے کئے گئے اس فعل پر معذرت کی ہے اور انہوں نے تحقیقاتی عمل میں اپنا بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘دریں اثنا ، ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلعی مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت میں اس کیس کی کارروائی کے دوران ، منیجنگ ڈائریکٹر ہوپ کلاسز نے اس واقعہ کو قبول کرتے ہوئے کہا ، ’’ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ اس طرح کا واقعہ ہمارے انسٹی چیوٹ میں پیش آیا ‘‘۔