ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں مسلسل چوتھے روز کرونا کرفیو نافذ رہا جس دوران معمولات زندگی متاثر ہوئی۔اس دوران قصبہ ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،عسر و گندوہ بھلیسہ میں نجی کاروباری ادارے بند رہے اور سڑکوں پر صرف ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔تاہم سبزیاں، پھل، چکن، دودھ و بیکری دوکانیں دس بجے تک کھلی رہیں۔ عید کے پیش نظر بازاروں میں اگر چہ کافی تعداد میں لوگ خریدوفرخت کرنے کی غرض سے آئے تھے لیکن بازاروں میں بندشیں عائد ہونے کی وجہ سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیول سوسائٹی ممبران نے انتظامیہ سے عید کے لئے نرمی برتنے کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے۔ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ معراج ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عید نزدیک آرہی ہے اور لوگ راشن و سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈھیل دینے پر زور دیا۔ادھر ضلع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے سے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں او پی ڈی سروسز کو معطل کیا گیا ہے۔ پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر دنیش کمار کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ و نزدیکی ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز کو تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے اور لوگوں سے ڈاکٹروں سے بذریعہ ٹیلی-فون مشورے لینے کی اپیل کی گئی ہے تاہم ایمرجنسی سروسز چوبیس گھنٹے بحال رہیں گی۔