بانہال //کووڈ انیس کے رہنما اصولوں کی سخت پاسداری کے تحت ضلع رام بن کے شہر و گام میںبدھ کے روز نمازعید کے سینکڑوں اجتماعات منعقد ہوئے اور ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے کووڈ ایس او پیز کو اپناتے ہوئے شدید بارشوں میں گاوں ، قصبوں اور تحصیل صدر مقامات کی چھوٹی بڑی مساجد میں نماز عید ادا کی ۔ کووڈ انیس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر حکام نے لوگوں کو عیدگاہوں کے بجائے مقامی مساجد میں اول وقت میں ہی نماز عید ادا کرنے کی اپیل کی تھی اور ائمہ مساجد اور مساجد کمیٹیوں نے ان احکامات کو عملی جامہ پہنایا اور ضلع رام بن کی تقریبا تمام مساجد میں نماز عید اولین اوقات میں صبح ساڑھے آٹھ بجے سے پہلے پہلے ہی ادا کی گئی اور اس موقع پرکووڈ کے تمام تر احتیاطی تدابیر کو عملایا گیا تھا ۔ ضلع رام بن میں نماز عیدالا ضحی کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد بانہال میں منعقد ہوا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں نماز عید ادا کی اور نمازیوں کو ایس او پیز پر عمل کروانے کیلئے رضاکاروں کی کئی ٹیمیں متحرک تھیں ۔ جبکہ عید گاہ جامع مسجد بانہال میں بھی نماز عید کا دوسرا بڑا اجتماع ہوا اور نمازیوں میں سماجی دوریوں کو یقینی بنانے کیلئے مسجد میں جا نماز کی مارکننگ کی گئی تھی اور رضاکاروں کی کئی ٹیمیں نمازیوں کو اس پر عمل کروا رہی تھیں ۔اس کے علاوہ جامع مسجد ناگبل ، گنڈ عدلکوٹ ،جامع مسجد نعمانیہ ، فیض الاسلام ناگبل ، چریل ، ٹھٹھاڑ ، نوگام ، لامبر عشر ، کسکوٹ ، دستگیر صاحب کراوہ ،ڈولیگام ،جامع مسجد چاپناڑی ، چملواس، کھڑی مہو منگت ،ترگام ، رامسو ، نیل ، مکرکوٹ ، اکڑال ، پوگل،پرستان ، سینا بتی ، مالیگام ، جامع مسجد اہلحدیث کنڈہ پوگل ، نرتھیال ، ڈگڈول ، سیری ، مرکزی جامع مسجد رام بن ، جدید جامع مسجد رام بن ، جامع مسجد اہلحدیث چندروگ ،میتراہ رامبن ، سمبڑھ ، مرکزی جامع مسجد گول، سنگلدان، بٹوٹ ، ڈھلواس ، سناسر ، راج گڑھ اور چندرکوٹ کی جامعہ مساجد میں بھی نماز عید کے چھوٹے چھوٹے اجتماعات اولین اوقات میں اور کووڈ رہنما اصول کے مطابق منعقد کئے گئے جبکہ سینکڑوں گاوں کی مساجد میں بھی ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی ہے ۔ نماز عید کے اجتماعات کے پیش نظر ضلع رام بن کے قصبہ جات میں پولیس نے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کر رکھے تھے اور سول اور پولیس حکام نماز کے ان اجتماعات کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے اور لوگوں کو عید کی مبارکباد دینے کیلئے موجود تھے اور تمام علاقوں میں نماز عید اور عید قربانی کا سلسلہ پرامن طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچا ۔
ڈوڈہ ضلع میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ڈوڈہ ضلع میں عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی تاہم کوؤڈ 19 کے چلتے نماز عید نزدیکی جامع مساجد میں حفاظتی اقدامات کے ساتھ ادا کی گئی. اس موقع پر علماء کرام و ایمہ مساجد نے عید الاضحٰی کی مناسبت سے قرآن و حدیث کی روشنی میں تفصیل سے بیان کیا اور اس کے پس منظر میں دی گئی قربانی کا خلاصہ پیش کیا۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری گندوہ ،عسر و بونجواہ کی جامع مساجد میں نماز عید ادا کرتے فرزندان توحید نے عالم انسانیت کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کی دعائیں کیں اور کورونا وائرس جیسی مہلک وباء سے محفوظ رکھنے و آپسی اتفاق و اتحاد کے لئے دعائیں فرمائیں۔
ڈوڈہ سے کورونا وائرس کے 8 نئے مثبت معاملات
۔31 مریض شفایاب ،181629 افراد نے ٹیکے لگوائے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے کوؤڈ 19 کے 8 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 31 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 8 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں میں رکھا گیا ہے اور 31 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 102 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 6946 پہنچ گئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک ضلع میں 124 ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور 181629 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔