سرینگر// کانگریس نے ضلع ترقیاتی کونسلوں کے چیئرمینوں میں خواتین کیلئے نشستوں کو مخصوص کرنے کے سرکاری فیصلے پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے پس پردہ سیاسی مقاصد ہیں اور اگر ایسا نہیں ہوتا توپہلے سرکیولر کی’’ ترتیب‘‘ کو کیوں تبدیل کرنے کی ضرورت پڑی۔اس دوران پارٹی کے جموں کشمیر کے صدر جی اے میر اوراودھے چب نے’’ایک مٹھی مٹی شہید کسانو ںکے نام‘‘مہم کا اعلان کیا۔ سرینگر کے مولانا آزاد روڑ پر واقع کانگریس کے مقامی ہیڈ کواٹر پر جمعہ کو پارٹی صدر جی اے میر اور یوتھ صدر ادھے چب نے کسانوں کی حمایت میں مہم کا آغاز کیا جس کے تحت کانگریس کی یوتھ ونگ بھارت بھر بالخصوص مظاہروں کے دوران مہلوک کسانوں کے دیہات سے مٹی جمع کرے گی۔ میر نے بتایا کیا کہ یوتھ کانگریس کے کارکنان کشمیر سے کنیاکماری کا سفر کریں گے اور دہلی میں جمع کی گئی مٹی سے نقشہ تیار کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی اے میر نے کہا کہ ہندوستان اس وقت سب سے بڑی ایجی ٹیشن دیکھ رہا ہے اور کانگریس پارٹی ہندوستان کے کسانوں کے پشت پرمضبوطی سے کھڑی ہے۔مہم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے چب نے کہا کہ یوتھ کانگریس کی یہ کوشش ہے کہ وہ مرکز کے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرے۔
اس موقعہ پر پارٹی کے یوتھ نائب صدر شیخ عامر رسول نے کہا’’کسانوں کی تحریک کی حمایت میں ملک گیر مہم’ ایک مٹھی مٹی شہیدوں کے نام ‘کا آغاز کیا گیا ہے،اورہم کشمیر سے کنیاکماری تک پورے ملک کا سفر کریں گے اور ملک کے ہر حصے سے مٹی اکٹھا کریں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ ہم کسانوں کے گائوں اور قصبوں سے مٹی اکٹھا کریں گے ، جنہوں نے جاری احتجاج میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔‘‘پروگرام کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے جموں کشمیر کے صدر جی اے میر نے مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انکی پرانی عادت رہی ہے کہ جب وہ ناکام ہوتے ہیں تو اس کا الزام بھی حزب اختلاف پر ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران ایک کروڑ30لاکھ لوگوں کے سامنے جوابدہ ہے کہ آخر ایسا نا خوشگوار واقعہ کیونکر پیش آیا۔ ایک سوال کے جواب میں میر نے ضلع ترقیاتی کونسلوں میں خواتین کیلئے نشستوں کو مخصوص رکھنے کے نئے سرکیولر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پس پردہ سیاسی مقاصد کار فرما ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکام نے24اکتوبر کو ایک سرکیولر نکالا تھا،جس کے مطابق خواتین کو1,4,7.10 ’’ ترتیب ‘‘ پر مبنی خواتین کیلئے نشستوں کو مخصوص رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تھا اور یہی ’’ ترتیب‘‘ ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئرمینوں کو منتخب کرنے پر لاگو ہونی تھی،تاہم نیا سرکیولر ،جس میں3,6,9,12کی ’’طرح‘‘ مرتب کی گئی ہے،کوجاری کرنے کی آخر انہیں کیوں ضرورت پڑی۔ میر نے کہا کہ دراصل یہ سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے کیا جا رہا ہے اور اس انتخاب کیلئے من پسند طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔اس سے قبل یوتھ کانگریس کی میٹنگ منعقد ہوئی ،جس کے دوران پارٹی صدر جے ائے میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ،بی جے پی اور اس کے خلاف ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے کو شکست دینے کے لئے کافی مضبوط ہے۔ میر نے کہا ہے’’ پارٹی عوام کی طرف سے بی جے پی کی غلط پالیسیوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔‘‘ میر نے کہا کہ پامرکز کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگوں نے بدترین صورتحال کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’بی جے پی نے مرکز میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہی لوگوں کو بدترین صورتحال کی وجہ سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں وہ (لوگوں) کا اعتماد کھو چکے ہیں‘‘۔ میر نے مزید کہا اور لوگوں کو کانگریس پارٹی سے توقعات وابستہ ہیں ، کیونکہ انہوں نے لوگوں کی خواہشات اور خواہشات کا خیال رکھتے ہوئے خدمت کے ایک آلے کی حیثیت سے ان کی بہترین صلاحیت کی خدمت کی ہے۔اس پروگرام میں حاجی عبد الرشید ،سریندر سنگھ چھنی ، ،بشیر احمد ماگرے اورسبطین شاہ بھی موجود تھے۔