نیوز ڈیسک
جموں// جموں زون میں صوبہ جموں کے تمام 10 اضلاع میں پولیس یادگاری دن کے سلسلے میں متاثر کن تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں بڑی تعداد میں سینئر پولیس افسران، ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں، شہداء کے اہل خانہ اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ سرمائی دارالحکومت جموں میں مرکزی تقریب گلشن گراؤنڈ جموں میں منعقد کی گئی جہاں مکیش سنگھ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولیس جموں زون نے افسروں اور اہلکاروں کی قیادت کی جنہوں نے قوم کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اے ڈی جی پی جموں زون نے ملک کے بہادر شہداء کا نام پڑھ کر سنایا ۔ اس سے قبل جموں میں مقیم تمام جی اوز ریلوے اسٹیشن پر واقع پولیس شہداء کی یادگار پر جمع ہوئے جہاں تمام شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پولیس کی طرف سے ٹیم جموں کے اشتراک سے ایک خون کا عطیہ کیمپ بھی لگایا گیا جس میں سینئر پولیس افسران/اہلکاروں اور ٹیم جموں کے رضاکاروں نے خون کا عطیہ دیا۔ مزید برآں شام کو پولیس شہداء میموریل ریلوے سٹیشن جموں میں ایک اور متاثر کن تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں پولیس/سول خاندانوں نے شمعیں روشن کیں اور قوم کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ کشتواڑ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کشتواڑ میں پولیس یادگاری منایا گیا۔ ڈی سی کشتواڑ، ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ، ڈی وائی ایس پی ڈار، ڈی وائی ایس پی پی سی، ایس ڈی پی او اتھولی اور سی اے پی ایف کے معزز افسران اور شہداء کے اہل خانہ نے تقریب میں شرکت کی۔ بعد ازاں ایس ایس پی کشتواڑ نے شہداء کے اہل خانہ سے بات چیت کی اور ان کی شکایات سنیں اور ان کے ازالے کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں اور یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ ڈوڈہ میں ڈی پی ایل ڈوڈہ میں ان شہداء کے احترام اور خراج عقیدت کے طور پر قومی پولیس کا یوم یاد منایا گیا جنہوں نے ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے لیے اپنی عظیم قربانیاں دیں۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے شہیدوں کے نام پڑھ کر سنائے تاکہ ان کی قربانیوں کو یاد کیا جا سکے۔ ریاسی میں شہداء میموریل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ریاسی میں پولیس یادگاری دن منایا گیا جس میں شہدا کی بہادری کو یاد کیا گیا۔ رسمی یادگاری پریڈ کے بعد تحائف کی شکل میں پیار و محبت کا نشان شہداء کے لواحقین کے حوالے کیا گیا۔رام بن میں یادگاری دن ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر رام بن میں منایا گیا جہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز رام بن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ رام بن موہیتا شرما نے شہیدوں کے نام پڑھ کر سنائے اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔محکمہ پولیس کی جانب سے شہداء کی قربانیوں کے اعزاز کے طور پرانکے اہل خانہ کو تحائف بھی دیئے گئے جس کے بعد شہداء کے لواحقین کے ساتھ ظہرانہ دیا گیا۔ادھم پور میں ڈی پی ایل ادھم پور میں پولیس یادگاری دن منایا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈی آئی جی یو آر رینج سلیمان چوہدری نے کی ۔ پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع ادھم پور کے پولیس شہداء کے اہل خانہ کے علاوہ ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں، ممتاز شہریوں اور معزز مہمانوں کو پولیس یادگاری دن کی پریڈ میں مدعو کیا گیا تھا۔ سانبہ میں ڈی پی ایل سانبہ میں ضلع پولیس سانبہ کی طرف سے قومی پولیس یادگاری دن منایا گیا۔ایس ایس پی سانبہ نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں سانبہ پولیس کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔پولیس شہداء کے اہل خانہ نے ڈی پی ایل سانبہ میں پولیس شہداء گیلری کا دورہ کیا۔ پولیس شہداء کے لواحقین میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔کٹھوعہ میں ڈسٹرکٹ لائنز کٹھوعہ میں پولس یادگاری دن منایا گیا ۔شیر کشمیر پولیس اکیڈمی ادھم پور نے پولیس یادگاری دن کے سلسلے میں پریڈ کا اہتمام کیا ۔ غریب داس، اے ڈی جی پی، ڈائریکٹر شیرِ کشمیر پولیس اکیڈمی ادھم پور نے یادگاری پریڈ کی سلامی لی۔بڑے اجتماع نے بھی شہیدی نشان پر پھولوں کی چادر چڑھا کر پولیس شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔جموں خطے کی تمام اکائیوں اور اسٹیبلشمنٹ نے سی آر پی ایف کے جنگجوؤں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 21 اکتوبر 1959 کو ‘ہاٹ سپرنگ’ میں چینی حملے کا جواب دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ گروپ سینٹر، سی آر پی ایف، جموں کیمپس میں “پولیس میموریل ڈے” کو وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرپی ایس رانپیسے، آئی جی موں سیکٹر اور شری راکیش سیٹھی، ڈی آئی جی گروپ سینٹر جموں اور کیمپ کے احاطے کے تمام گزیٹیڈ افسران، ماتحت افسران اور جوانوں نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یادگار شہداء پر حاضری دی اور ان کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد مہمان خصوصی کو کوارٹر گارڈ کے رسمی گارڈ نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔پولیس یادگاری دن فرنٹیئر ہیڈ کوارٹر بی ایس ایف پلورہ کیمپ جموں میں بہادر سی آر پی ایف اہلکاروں کی یاد میں ’سمرتی پریڈ‘ کے طور پر منایا گیا، جنہوں نے 21 اکتوبر 1959 کو لداخ (گرم چشمہ) میں اپنی جان قربان کی۔انسپکٹر جنرل فرنٹیئر بی ایس ایف جموںڈی کے بورا نے جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا ۔انہوں نے شہیدوں کے نام پڑھ کر سنائے اور کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کل 264 پولیس اور سی اے پی ایف اہلکاروں نے قوم کی خدمت میں اپنی جانیں نچھاور کیں جن میں سے 27 کا تعلق بی ایس ایف سے ہے۔
راجوری، پونچھ میں پولیس یادگاری دن منانے کیلئے تقریبات منعقد
راجوری //راجوری اور پونچھ اضلاع میں پولیس انتظامیہ نے حب الوطنی اور پیشہ ورانہ جوش و جذبے کے ساتھ پولس یادگاری دن منایا۔پونچھ میںحکام نے پولیس اور نیم فوجی دستوں کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مذکورہ دن منایا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس لائن پونچھ میں یوم یادگاری پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن تعظیم اختر کے ساتھ سلامی لی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر اے ڈی سی پونچھ بشارت حسین، سب جج پونچھ وجاہت کاظمی، ڈی ڈی سی ممبران غنی چوہان، چوہدری نثار کیساتھ ساتھ فوجی آفیسران نے بھی شرکت کی ۔اس تقریب میں سیاسی لیڈران وبڑی تعداد میں بزرگ شہریوں ،طلباء ،پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ ضلع پونچھ کے تمام شہداء کے لواحقین کو پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کے طور پر انہیں ضلع پولیس پونچھ کی طرف سے تحائف پیش کئے گئے ۔اسی طرح راجوری میں بھی پولیس کی جانب سے ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس لائن راجوری میں ایک پریڈ کا اہتمام کیا گیا جہاں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل نے پریڈ کی سلامی لی۔اس موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری محمد اسلم، کمانڈنٹ آئی آر سیکنڈ بٹالین، رندیپ کمار، ڈپٹی کمانڈنٹ خالد امین، ایڈیشنل ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما، ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر گزیٹیڈ پولیس افسران، اسٹیشن ہاؤس افسران اور پولیس چوکی انچارجز، فوجی آفیسران و دیگران نے بھی شرکت کی ۔ اس تقریب کے دوران پولیس فورسز کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ڈسٹرکٹ پولیس لائن راجوری میں واقع پولیس شہداء کی یادگار پر بھی پھول چڑھائے گئے۔پولیس شہداء کے لواحقین کی شکایات بھی سنے گئے تاکہ ان کی مانگوں و مطالبات کو حل کیا جاسکے ۔