سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر ، پنڈورنگ کے پولے نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کے سلسلے میںانتظامات کا جائزہ لینے کے لئے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ماتمی جلوس اور مذہبی اجتماعات کے انعقاد کے دوران سماجی فاصلوں اور چہرے کے ماسک کا استعمال سمیت کووڈ رہنما خطوط پر عمل کریں۔انہوں نے انتظامات مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سڑکوں ، گلیوں ،پانی کی فراہمی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے زور دیا کہ تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کو باآسانی اور پر امن طریقے سے منعقد کرنے کو یقینی بنانے کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔جل شکتی حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام علاقوں کو پانی کی باقاعدگی سے فراہمی کو یقینی بنائے اور واٹر ٹینکرز بھی تیار رکھیں ۔ اسی طرح کے پی ڈی سی ایل حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ ماہ مقدس کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح متاثرہ علاقوں میں فوری فراہمی اور تنصیب کے لئے ٹرانسفارمروں کا ایک اضافی اسٹاک رکھا جائے گا۔انہوں نے تمام ضروری مقامات پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، تمام شہری اور دیہی علاقوں میں ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی فوری بحالی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔صوبائی کمشنر نے مناسب حفظان صحت اور صفائی کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے مقامات کے گرد خصوصی صفائی مہم چلائیںاورعزاداروں کیلئے مناسب طبی سہولیات یقینی بنانے کے لئے ایمبولینسوں کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں ۔ میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسسنگ کے ذریعہ مختلف سول انتظامیہ اور پولیس افسران کے علاوہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے بھی شرکت کی۔