جموں//امرناتھ یاترا پر جانے والے سینکڑوں کی تعداد میں شردھالو اور سادھو جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں پہنچ چکے ہیںجنہیں یاتری نواس بھگوتی نگر اور رام مندر میں پوجا پاٹ کی محفلوں اور ’بم بم بولے‘ و’ہر ہر مہادیو‘ کے نعرے لگانے میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔ امسال یاترا کا پہلا قافلہ آج صبح وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوگا جب کہ جمعرات کو یاترا کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ یاترا ایک پرامن ماحول میں ہوگی۔ اس میں لاکھوں کی تعداد میں یاتری اور سادھو حصہ لیں گے‘۔ رام مندر میں گذشتہ چند دنوں سے مقیم ایک سادھو نے کہا ’میں گذشتہ پچیس برسوں سے مسلسل امرناتھ جی کی یاترا پر آرہا ہوں۔ یہاں کی مقامی انتظامیہ بہت ہی اچھے انتظامات کرتی ہے۔ ہمیں کسی سے کوئی ڈر نہیں لگتا ہے۔ ہمیں رام مندر پہنچنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہم بابا برفانی کے دربار میں پہنچ گئے‘۔ ایک خاتون شردھالو نے کہا کہ امرناتھ یاترا پر آنا میرا ایک دیرینہ خواب تھا۔ اُن کا کہنا تھا ’میں بابا برفانی کے درشن کے لئے پہلی بار یہاں آئی ہوں۔ بابا برفانی کی یاترا کرنا میرا ایک خواب تھا۔ یہاں ہمارے لئے ہر ایک سہولیت دستیاب رکھی گئی ہے۔ کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ہے‘۔ بنارس سے تعلق رکھنے والے یاتری مشرا نے کہا کہ وہ 18 ویں بار امرناتھ یاترا پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’یہ اٹھارویں بار ہے کہ جب میں یاترا پر یہاں آیا ہوں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ ہر گذرتے برس کے ساتھ انتظامات میں غیرمعمولی بہتری آرہی ہے۔ مجھے کبھی کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘۔ صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی طرف سے یاترا کے لئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’پورے ملک کا دھیان اس یاترا کی طرف ہے۔ ہم نے اس یاترا کے لئے معقول انتظامات کئے ہیں۔ ہم یہاں لوگوں کی آن سپاٹ رجسٹریشن بھی کررہے ہیں‘۔