شاہد ٹاک
شوپیان // شوپیاں میں تلاشی آپریشن کے چھٹے روز لشکر کا اعلیٰ کمانڈر مارا گیا۔پولیس نے بدھ کو بتایا کہ لشکر طیبہ کا کمانڈر ذاکر گنائی شوپیان کے چھانہ پورہ میمندرعلاقے میں جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن میں مارا گیا ، جب کہ ایک اور ملی ٹینٹ کے چھپے ہونے کا خیال ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ذاکر اپنے ساتھی کے ساتھ پچھلے پانچ دنوں سے انکا ئونٹر علاقے میں پھنسا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ “اسے بے اثر کر دیا گیا ہے اور اس کی لاش کو آج ایک گائو خانہ سے اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ برآمد کیا گیا ہے۔”انہوں نے اس ہلاکت کو سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “انکائونٹر کے مقام کے قریب تازہ فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جس سے ایک اور ملی ٹینٹ کی موجودگی کا اشارہ ملتا ہے۔”یہ بات قابل ذکر ہے کہ شوپیان کے مضافاتی دیہات میں جمعرات کی سہ پہر تلاشی کارروائی شروع کی گئی جو بدھ کو چھٹے روز بھی جاری رہی۔پچھلی جمعرات کی سہ پہر سے سعد پورہ پائین،امشی پورہ،شمسی پورہ، چھانہ پورہ،گنڈ ہادو، چک شمسی پورہ اورچک امشی پورہ نامی 7 دیہات کا محاصرہ کیا گیا اورہر طرح کی نقل و حرکت مسدود کردی گئی۔ 44آر آر، 3پیرا، 34آر آر،سی آر پی ایف 14بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ایک وسیع علاقے کی ناکہ بندی کردی اور ان دیہات میں باضابطہ طور پر بندشیں عائد کیں۔لوگوں کو بازاروں ، سڑکوں اور میوہ باغات کا رخ نہ کرنے کی صلاح دی گئی جس کی وجہ سے ان سبھی دیہات کی طرف جانے والے ہر راستے کو سیل کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز کو خدشہ رہا کہ اس علاقے میں دو ملی ٹینٹ دیکھے گئے ہیں جن میں ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔ہفتے کی دیر رات سوشل میڈیا پر دو ملی ٹینٹوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا۔ تلاشیوں کا سلسلہ، جمعرات، جمعہ ، سنیچر، اتوار، پیر اور منگل کو چھ روز تک جاری رہا اور منگل کی سہ پہر کچھ دیہات کا محاصرہ ہٹایا گیا لیکن شام کے وقت ایک بار پھر محاصرہ کیا گیا اور درمیانی شب چھانہ پورہ کے نزدیک فائرنگ کی ہوئی۔حکام نے بتایا تھا کہ چار دیہات میں گھر گھر تلاشی کارروائی ختم ہوئی لیکن تین دیہات میں ابھی چل رہی ہے جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ملی ٹینٹ کمانڈر مارا گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ذاکر گنائی پچھلے 3برسوں سے سرگرم تھا جو متل ہامہ کولگام کا رہنے والا تھا۔
تین OGWگرفتار
پولیس نے بدھ کو بتایا کہ اننت ناگ میں جاری امرناتھ یاترا کے لیے تعینات چہرے کی شناخت کے نظام (ایف آر ایس) کی مدد سے ملی ٹینٹوں کے تین اوور گرائونڈ کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ اننت ناگ پولیس کے ذریعہ نصب کردہ ایف آر ایس نے تین مشکوک افراد کے بارے میں بروقت الرٹ پیدا کیا جب وہ سربل علاقے سے گزر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ الرٹس پر تیزی سے کام کرتے ہوئے، پولیس اہلکاروں نے لوگوں کو روکا اور ان کی شناخت کی تصدیق کی۔ترجمان نے کہا کہ تصدیقی عمل کے دوران، تینوں کی شناخت اوور گرانڈ ورکرز کے طور پر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ایف آر ایس کے ذریعے حاصل کردہ انٹیلی جنس اور اس کے بعد کی تصدیق کی بنیاد پر، تینوں افراد کو اننت ناگ پولیس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔