مشتاق الاسلام
شوپیان//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے بدعنوانی کے خلاف ایک مؤثر کارروائی کرتے ہوئے عاشق حسین شاہ پٹواری پٹوار حلقہ پنجرہ پہلپورہ شوپیان کو 25,000رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس نے اپنی اہلیہ اور سالی کے مابین آبائی جائیداد کی چار بہنوں میں مساوی تقسیم کے حوالے سے تین ماہ قبل تحصیل آفس شوپیان میں درخواست جمع کرائی تھی۔ اس حوالے سے متعلقہ تحصیلدار نے درخواست ضروری کارروائی کیلئے پٹواری کو ارسال کی، تاہم پٹواری عاشق حسین شاہ نے سازگار رپورٹ دینے کے عوض شکایت کنندہ سے 25,000 رشوت کا مطالبہ کیا۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ نے رشوت دینے کے بجائے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا، جس پر اینسدادرشوست ستانی بیورو نے خفیہ جانچ پڑتال کی۔ جانچ میں رشوت طلب کرنے کی تصدیق ہونے پر ایف آئی آر نمبر 05/2025 زیر دفعہ 7 انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 پولیس اسٹیشن ACB اننت ناگ میں درج کی گئی۔ تحقیقات کے دوران ایک خصوصی ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیاب منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ رشوت کی رقم بھی آزاد گواہوں کی موجودگی میں ملزم کے قبضے سے برآمد کرلی گئی۔بعد ازاں، ملزم کے رہائشی مکان کی تلاشی بھی ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں لی گئی۔ اس کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ادھر اینٹی کرپشن بیورو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائیں اور قانون کے نفاذ میں تعاون کریں۔