شوپیان +پلوامہ // شوپیان اور پلوامہ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تلاشیاں لیں گئیں۔اس دوران ایک نوجوان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ رام نگری شوپیان نامی گائوں کا سی پہر اڈھائی بجے محاصرہ کیا گیا اور فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے گائوں کی ناکہ بندی کی۔ تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ادھر کلورہ شوپیان میں بدھ کی سہ پہر مقامی لوگوں نے گولیوں کی آوازیں سنیں۔ اسکے فوراً بعد سیکورٹی فورسز یہاں پہنچے لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کس جانب کی گئی اور کیوں کی گئی۔ادھر پلوامہ قصبہ کی نیو کالونی بستی کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی گئی ۔مقامی لوگوںنے بتایا 55آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف نے جمعرات کی سہ پہر نیو کالونی کومحاصرے میں لیا ۔پولیس کے مطابق بستی میں جنگجوئوں کی موجود گی کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی تھی۔جس کی وجہ سے چند مکانوں کی تلاشیاں لی گئیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران ولایت عزیز میر عرف راسخ ساکن بونہ پورہ کاکہ پورہ کو گرفتار کیا گیا اور اسکے قبضے سے ایک پستول اور ایک گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان 15جنوری سے لاپتہ تھا اور اس نے ہتھیار اٹھائے تھے۔ادھر ترال کے 3علاقوں میں بھی تلاشیاں لیں گئیں۔ ترال پائین کے علاوہ پستونہ گائوں کا جمعرات کی صبح 42آر آر، 180بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے محاصرے میں لیا اور دونوں علاقوں کی کڑی ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی کارروائی کی گئی تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ اسکے بعد بعد دوپہر واگڈ نامی گائوں کا بھی انہی فورسز یونٹوں نے محاصرہ کیا اور یہاں بھی تلاشیاں لیں گئیں لیکن کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔