اشتیاق ملک
ڈوڈہ // شراب کی غیر قانونی تجارت کے خلاف جاری مہم میں ڈوڈہ پولیس نے دو الگ الگ معاملات میں خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کی ہے۔ ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولیس چوکی بھالہ نے مصدقہ اطلاع ملنے پر کشنہ دیوی زوجہ انگت کمار ساکنہ ٹسانہ تحصیل بھالہ کے گھر کی مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلاشی لی جس دوران 4 بوتلیں دیسی شراب، 9بوتلیں جے کے اسپیشل وہسکی،تقریباً 180 لیٹر لہان شراب تیار کرنے والی (بھٹی) ضبط کی برآمد شدہ تمام اشیاء کو قانونی تقاضوں کے مطابق موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں تھانہ بھدرواہ میں ایکسائز ایکٹ کی دفعات 48(a)، 48(b)، 48(e) اور 48(f) کے تحت ایف آئی آر نمبر 01/2026 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر ہفتہ کو ڈوڈہ پولیس نے پریم نگر مارکیٹ میں معمول کی ناکہ بندی کے دوران ایک شراب اسمگلر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے غیر قانونی شراب برآمد کر لی ہے۔تھانہ ٹھاٹھری کے دائرہ اختیار میں آنے والی پولیس پوسٹ پریم نگر کی ایک پولیس ٹیم نے چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روکا جس کی شناخت اجے کمار ولد سرجیت سنگھ سکنہ درون کیرانی پریم نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ تلاشی لینے پر مذکورہ شخص کے قبضے سے ‘جے کے اسپیشل وہسکی’ کی 36 بوتلیں برآمد ہوئیں ۔شراب کی یہ برآمدگی ایکسائز ایکٹ کی دفعہ 48(a) کے تحت جرم کے زمرے میں آتی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ٹھاٹھری میں ایف آئی آر نمبر 02/2026 زیرِ دفعہ 48(a) ایکسائز ایکٹ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ڈوڈہ پولیس نے ناجائز شراب کی لعنت کو ختم کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات فراہم کر کے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔