عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر اور لداخ میں شدید سردی کی لہر شدت اختیار کرگئی ہے، جس سے درجہ حرارت نئی نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے کیونکہ خطہ خشک اورسرد موسم کی لپیٹ میں ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق، سرینگر شہر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا، جو کہ سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ہے۔گذشتہ رات جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں پہلی بار نل جم گئے ہیں۔حالانہ نومبر میں اس سے قبل کبھی نل نہیں جمے تھے۔جنوبی اور شمالی کشمیر کے کئی اضلاع میں ٹھنڈ کے حالات اور بھی سخت ہیں۔ شوپیان وادی میں منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ پر سب سے سرد مقام رہا، اس کے بعد بارہمولہ رہا جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا اور پلوامہ منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مشہور سیاحتی مقامات پہلگام میں منفی 4.6 کو چھونے کے ساتھ اور گلمرگ میں0.0 پر درج ہوا ۔پورے وسطی اور شمالی کشمیر میں، درجہ حرارت میں تیزی سے کمی کا رجحان جاری رہا۔، بڈگام 4.2 ، بانڈی پورہ 4.2 ، گاندربل منفی 2.8 ، اور سونمرگ میں منفی 3.1 درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔ اونچائی والے مقامات پر، سردی زیادہ چھیدنے والی تھی، خاص طور پر زوجیلا پاس پر، جہاں منفی 16.0 ڈگری درج کیا گیا۔جموں خطہ میں، اگرچہ حالات نسبتاً معتدل تھے، لیکن کئی علاقوں میں پارہ میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بانہال میں منفی 0.7 ، بھدرواہ میں 5 کے ارد گرد رہا، اور راجوری میں 2.6 تک گر گیا۔ اس دوران جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لداخ میں سردی کی لہر زیادہ شدید تھی، جہاں پارہ انجماد سے کافی نیچے رہا۔ کرگل میں منفی 9.0 تک گر گیا، اس کے بعد لیہہ میں منفی-8.2 اور نوبرا منفی6.8 پر، موسم سرما کی ابتدائی سردی ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔تاہم 2دسمبر کو بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئے گی۔