عشرت حسین بٹ
ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ عظمیٰ آباد سے پولیس نے ایک جنگلی ہرن برآمد کر کے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا۔ ذرائع کے مطابق حالیہ شدید برفباری کے بعد جنگلی جانور خوراک اور محفوظ پناہ کی تلاش میں انسانی بستیوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز عظمیٰ آباد کے مقامی لوگوں نے ایس ایچ او منڈی کو اطلاع دی کہ انہوں نے ایک جنگلی ہرن کو قابو میں لیا ہے جو آبادی کے نزدیک گھوم رہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ منڈی کی ایک ٹیم ایس ایچ او کی سربراہی میں موقع پر پہنچی اور ہرن کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا۔پولیس حکام کے مطابق جانور کو محفوظ رکھنے کے بعد فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم پولیس تھانہ منڈی پہنچی اور جنگلی ہرن کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ محکمہ کے افسران نے بتایا کہ ہرن کا طبی معائنہ کرایا جائے گا تاکہ اس کی صحت کا جائزہ لیا جا سکے، جس کے بعد اسے قدرتی ماحول میں دوبارہ چھوڑ دیا جائے گا۔وائلڈ لائف حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران اکثر جنگلی جانور رہائشی علاقوں کی طرف آ جاتے ہیں، اس لیے شہری ان جانوروں کو نقصان نہ پہنچائیں بلکہ فوری طور پر پولیس یا متعلقہ محکمہ کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی جنگلی حیات کا تحفظ ممکن ہے اور ایسے جانوروں کو بحفاظت واپس جنگل میں چھوڑا جا سکتا ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ایک قیمتی جنگلی جانور کی جان بچی بلکہ انسانی آبادی میں کسی ممکنہ خطرے سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔