عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی میں گذشتہ شب شدید سردی کی صورتحال میں قدرے کمی آئی کیونکہ ابر آلود آسمان کی وجہ سے بیشتر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی لیکن یہ نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔ محکمہ موسمیات حکام نے ہفتہ کو بتایاکہ دھند کی ایک تہہ نے وادی کے بیشتر حصوں ، خاص طور پر آبی ذخائر کے آس پاس کے علاقوںکو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام نے بتایا کہ جمعہ کی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو کہ گذشتہ شب منفی 4.5 ڈگری سیلسیس تھا، جو اس سے ایک رات پہلے موسم کا سرد ترین درجہ تھا۔جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع جمعہ کی رات وادی کا سب سے سرد مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سیلسیس تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری،شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں پارہ منفی 4.9 ، جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ،پہلگام کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری اور گلمرگ میں منفی 1.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کشمیر بھر میں 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔