صوبائی کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لیا
سرینگر//صوبائی کمشنر پانڈورانگ پولے،نے حاکموں کی ایک میٹنگ میںشب معراج النبیؐ اور مہاشیوراتری تقریب کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے میٹنگ میں حکام پرزوردیا کہ وہ شب معراج النبیؐ کے سلسلے میں تمام جگہوں پر ضروری انتظامات کریں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔ وقف بورڈ کے چیف ایگزیکیٹوافسر نے صوبائی کمشنر کو بتایا کہ کووِڈ- 19کی وجہ سے اس موقعہ پردرگاہ حضرتبل اور دیگر مذہبی مقامات پر کوئی شب خوانی نہیں ہوگی ۔صوبائی کمشنر نے متعلقین کو حضرت بل میں ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی اور کورونا روکتھام سے متعلق تمام رہنما خطوط کو عملانے کی تلقین کی ۔میٹنگ کے دوران میونسپل حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ اضافی خاکروبوں کو تمام مذہبی مقامات پر تعینات رکھیں تاکہ وہاں مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ۔اس کے علاوہ عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے موبائل تائلٹ دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔انہوں نے اس موقعہ پربلاخلل بجلی سپلائی کویقینی بنانے کی بھی ہدایت دی اور اضافی پانی کے ٹینکر اور جنریٹر نصب کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے ان مقامات پر بغیر چوک کے حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی ۔محکمہ خوراک ورسدات اورامورصارفین کو تمام بازاروں میں اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں بہم رکھنے کیلئے ضروری اقدام کرنے کاحکم دیاگیا۔متعلقین کو بازاروں میں گوشت اور مچھلی کو سرکاری نرخوں پردستیاب رکھنے کیلئے مناسب کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی جبکہ ندرو،اخروٹ ،اور مچھلیوں کو پنڈت برادری کیلئے وافر مقدار میں بہم رکھنے کی تاکید کی گئی ۔صوبائی کمشنر نے کالابازاری کوروکنے کیلئے بازاروں کی مسلسل چیکنگ کرنے کی بھی ہدایت دی ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کی بلاخلل نقل وحرکت اور پارکنگ کیلئے پہلے سے ہی مناسب منصوبہ بنانے کی تلقین کی ۔میٹنگ کے دوران محکمہ صحت کو مناسب تعداد میں طبی ونیم طبی عملہ کو ایمبولنسوں سمیت زیارت گاہوں پر تعینات رکھنے کاحکم دیا۔
معقول انتظامات کئے جائیں:حکیم
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے انتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وہ معراج النبیؐکی مقدس تقریب اور مہاشیوراتری کے موقعہ پر وادی میں لوگوں کی سہولیت کے لئے معقول انتظامات کریں ۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کیا کہ مساجداورمندروں میں بجلی کی بلاخلل سپلائی کو یقینی بنایا جائے اور کشمیرمیں گوشت کی قلت کے پیش نظر بازاروں میں سبزیوں اور مچھلیوں کی وافر مقدار میں دستیابی کویقینی بنایا جائے تاکہ مسلمانوں اور پنڈتوں کو اپنے مذہبی تقاریب کومنانے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مانگ کی کہ معراج النبی ؐ کے سلسلے میں عقیدت مندوں کو درگاہ حضرت بل لیجانے اور وہاں سے لانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا معقول انتظام کیا جائے۔