پونچھ ر//سیکرٹری محکمہ قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری جو ضلع پونچھ کے ترقیاتی کاموں اور دیگر متعلقہ امور کے سیکرٹری بھی ہیں ، نے ضلع منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے کیلئے ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کے ساتھ بات چیت کی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل ، کئی عوامی مطالبات کے پیش نظر 23.85 کروڑ روپے اضافی گرانٹ کے استعمال کیلئے منظوری دی گئی جس میں نوجوانوں کی مشغولیت ، کھیلوں کے انفراسٹریکچر ، بجلی /پانی کی فراہمی اور صحت کی دیکھ بھال کے دیگر شعبوں میں منصوبے شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کی چیئر مین تظیم اختر ، وائس چیئر مین محمد اشفاق ، ڈپٹی کمشنر اندر جیت ، ڈائریکٹر قبائلی امور مُشیر احمد مرزا ، ممبران ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئر مین، ایس ایس پی پونچھ سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیکٹورل افسران موجود تھے ۔ جس میں مجوزہ ضلع منصوبے اور عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس دوران دیہی ترقی ، بجلی کی فراہمی ، سڑکوں ، آبپاشی ، تعلیم ، فلاحی منصوبوں ، کھیلوں ، زراعت اور مویشی پالنے کے شعبے کے علاوہ سیکٹورل اخراجات اور ورکس پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ممبران نے مغل روڈ کھولنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ ڈاکٹر شاہد نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بشمول ڈی ڈی سی ممبران اور بی ڈی سی چئیر پرسن کو موثر نتائج پر مبنی منصوبہ بندی کے عمل کیلئے انتظامی تعاون اور منصوبہ سازی کے تمام مراحل میں ان کی فعال شمولیت کے ساتھ ساتھ مطلوبہ نتائج کی تکمیل اور منصوبوں کی نگرانی پر زور دیا ۔ ضلع پونچھ میں نوجوانوں کی موثر اور تعمیری مشغولیت کیلئے پی آر آئی کے منتخب اراکین سے تعاون کے خواہاں ڈاکٹر شاہد نے نوجوانوں کی مشغولیت کیلئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری کا اعلان کیا جس میں انفراسٹریکچر ، تفریحی سہولیات ، کھیلوں کے ساز و سامان اور کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر سمیت دیگر اجزاء شامل ہیں ۔ انہوں نے ڈی ڈی سی ممبران /بی ڈی سی چئیر پرسن سے کہا کہ وہ متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے 10 کروڑ روپے میں نوجوانوں کی مشغولیت کا لایحہ عمل مرتب کریں ۔ مزید یہ کہ صحت کی دیکھ بھال ، پانی کی فراہمی ، بجلی کی فراہمی ، دیہی رابطہ اور دیگر شعبوں جیسے دور دراز علاقوں میں اہم انفراسٹریکچر کی ترقی کیلئے 10 کروڑ روپے دئیے گئے ۔ ٹرانسفارمر متبادل نظام کو مستحکم کرنے کیلئے ایک بڑی امداد میں پونچھ میں ایک ٹرانسفارمر بینک کے قیام کیلئے ایک کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دی گئی ۔ ڈاکٹر شاہد نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے 32 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے قبائلی امور کے محکمہ کے ذریعہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے قیام کیلئے پونچھ اور سرنکوٹ بلاکس مین 100 کنال اراضی کے ساتھ دو مقامات کی نشاندہی کرنے کو کہا ۔ میٹنگ میں زیر بحث متعدد عوامی مطالبے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ دور دراز علاقوں کیلئے جدید لائف سپورٹ سسٹم کے ساتھ 5 نئی ایمبو لینسیں فراہم کی جائیں گی ۔ ڈی ڈی سی ممبران اور بی ڈی سی چئیر پرسن نے سالانہ منصوبہ بندی کے علاوہ نوجوانوں کی مشغولیت اور کھیلوں کے انفراسٹریکچر ، قبائلی علاقوں میں ترقی ، صحت اور بجلی /پانی کی فراہمی کے شعبوں میں اہم انفرسٹریکچر کیلئے فنڈ کی منظوری سے متعلق اقدام کی تعریف کی ۔