صوبائی کمشنر کی ڈپٹی کمشنروں کوعوامی شکایات کو ترجیح دینے کی ہدایت
سرینگر// ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے بدھ کو تمام ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ملی ٹینسی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے SRO-43 کے تحت تقرریوں، خود روزگارسکیموں پر عمل درآمد، زمین کی منتقلی کے معاملات جن میں سیکورٹی ایجنسیاں شامل ہیںاور سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مکانات کی تعمیر سمیت کئی اہم معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں زیر تعمیر بی ایس این ایل ٹاوروںکی حالت، عوامی شکایات کو دور کرنے اور اضلاع میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرحوں پر نظر ثانی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈویڑنل کمشنر نے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ ملی ٹینسی کے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے بروقت تقرریوں کو یقینی بنانے کے لیے SRO-43 کے مقدمات کی کارروائی کو تیز کریں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں بشمول اقلیتوں کو خود روزگار کی دستیاب اسکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سیکورٹی ایجنسیوں کو زمین کی منتقلی کے معاملات کے بارے میں الگ الگ ہدایات جاری کرتے ہوئے، گرگ نے کہا کہ وہ زمین کی تبدیلی کے قوانین کی متعلقہ دفعات پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ ای-آفس پلیٹ فارم کے ذریعے موصول ہونے والی عوامی شکایات کے ازالے کو ترجیح دیں۔بڈگام، بارہمولہ، سری نگر، اور بانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا کہ وہ رنگ روڈ الائنمنٹ سے متاثر ہونے والے ٹرانسمیشن کھمبوں کی منتقلی کے لیے یکساں پالیسی اختیار کریں۔گرگ نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ سرحد پار گولہ باری سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ملیں تاکہ ہاؤسنگ کنسٹرکشن اسکیم کے تحت فوائد فراہم کیے جاسکیں۔شیڈو زون میں بی ایس این ایل ٹاوروں کی تنصیب پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا، ڈی سیز کو ہدایت دی گئی کہ وہ زیر التوا کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ غیر محفوظ علاقوں میں ٹیلی کام کنیکٹیویٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔