محتشم احتشام
پونچھ// سیکریٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ آر ڈی ڈی اینڈ پی آر محمد اعجاز اسد نے اپنے پونچھ دورے کے دوران کہا ہے کہ عوامی بہبود پر مبنی سرکاری اسکیموں کے حقیقی ثمرات تبھی حاصل ہوسکتے ہیں جب متعلقہ محکموں کے افسران اور فیلڈ اسٹاف اپنی ذمہ داریوں کا مؤثر طور پر ادراک کرتے ہوئے بھرپور عزم کے ساتھ ان منصوبوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔سیکریٹری موصوف نے تمام بڑی مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں جن میں منریگا، پی ایم اے وائی ۔جی، ایس بی ایم، این آر ایل ایم، آر جی ایس اے، آئی ڈبلیو ایم پی اور دیگر پروگرام شامل ہیں کا پنچایت وار تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور ایسے تمام کاموں کو ترجیح دی جائے جو براہِ راست عوامی مفاد سے جڑے ہوئے ہیں۔زیرِ تعمیر مکانات کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح پی ایم اے وائی–جی کے تحت جاری گھروں کی تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے سیکریٹری نے کہا کہ بے گھر اور کمزور طبقے کی معاونت اس اسکیم کی بنیادی روح ہے، اس لئے تمام زیرِ التواء مکانات طے شدہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے ای-کے وائی سی، آواس پلس 2.0، سی ڈی و پنچایت کاموں، آر جی ایس اے، ٹی ایس پی پلان اور خود امداد گروپ سرگرمیوں کی پیش رفت پر بھی اطمینان و عدم اطمینان کے پہلوؤں کا جائزہ لیا۔سیکریٹری اعجاز اسد نے محکماتی نظم و ضبط اور مالی شفافیت کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کے ہموار بہاؤ، بروقت اخراجات اور اخراجات سرٹیفکیٹ کی جمع آوری سے ترقیاتی اسکیموں میں تسلسل برقرار رہتا ہے، جو مجموعی طور پر عوامی فائدے کا باعث بنتا ہے۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ مالی سال 2025–26 میں منریگا کے تحت تقریباً 4,000 اثاثے مکمل کئے گئے، جبکہ 48,736 مکانات پی ایم اے وائی-جی کے تحت تعمیر ہوئے۔ اسی طرح یو ٹی کیپیکس اور سی ڈی و پنچایت کے تحت 114 کام جبکہ ضلع کیپیکس کے تحت 500 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں اور مختلف محکماتی اقدامات کے بارے میں سیکریٹری کو تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما، اے ڈی سی طاہر مصطفی ملک، اے سی ڈی شکیل احمد، ایکسین حضرات، بی ڈی اوز سمیت متعدد افسران نے شرکت کی، جبکہ کئی محکماتی سربراہان نے ورچوئل موڈ کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔اپنے دورے کے دوران سیکریٹری نے ایک کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، جن میں بلاک پونچھ کے جھلاس لوئر میں پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ یونٹ اور بلاک ساتھرہ میں پی ایم کے ایس وائی 2.0 کے تحت دس واٹر ہارویسٹنگ ٹینک شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے بلاک منڈی کے گاگڑیاں گاؤں میں کامن فیسلٹی سینٹر کی ای-سنگِ بنیاد رکھی، جبکہ بلاک ساتھرہ میں ایم جی نریگا کے اشتراک سے تیار شدہ مزید سولہ واٹر ہارویسٹنگ ٹینکوں کا بھی افتتاح کیا۔سیکریٹری اعجاز اسد نے کہا کہ یہ اقدامات دیہی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور عوام تک بہتر اور بروقت بنیادی سہولیات پہنچانے کے لیے حکومت کے عزم کی روشن مثال ہیں۔