سرینگر//حکومت نے کہاہے کہ جموں وکشمیرمیں شعبہ صحت کوتوسیع دینے کے ایک جامع منصوبے پرعمل درآمد جاری ہے ،جسکے تحت میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس سیٹوں کی تعداد500سے بڑھاکر1100کردی گئی ہے ۔فائنانشل کمشنر صحت وطبی تعلیم اتل ڈلو نے کہا ہے کہ 5نئے میڈیکل کالجوں میں سے4کالجوں میں ایم بی بی ایس طلبا کے پہلے بیچ کیلئے کلاسز کا انتظام عارضی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 7 گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں پہلی بار بی ایس اور پیرا میڈیکل کورسز شروع کئے گئے ہیں جن میں 590 سیٹوں کی گنجائش ہے۔ اتل ڈلو کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت کی بحالی کے لئے گزشتہ2برسوں سے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں شعبہ صحت کے بنیادی ڈھانچے اور طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدام کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر نے بتایاکہ یونین ٹریٹری میں5 نئے میڈیکل کالجوں کے قیام، جنہیں ضلع اننت ناگ، بارہمولہ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور راجوری میں189 کروڑ روپے فی کالج کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، کے ساتھ ہی ایم بی بی ایس سیٹوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان میڈیکل کالجوں کا بنیادی ڈھانچہ تکمیل کے مختلف مرحلوں پر پہنچ گیا ہے تاہم ان میں سے 4میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس طلبا کے پہلے بیچ کیلئے کلاسز کا انتظام عارضی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔ اتل ڈلو نے کہا کہ نئے میڈٰیکل کالجوں کے قیام کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں کو500 بڑھا کر1100 کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے2مزید میڈیکل کالجوں ایک ہندوارہ اور دوسرا اودھم پور میں قائم کرنے کو منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آیوش سینٹروں میں طبی سہولیات کے استحکام کیلئے جموں میں ایک آیور ویدک میڈیکل ہسپتال اور سری نگر میں ایک یونانی ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں قائم یونانی ہسپتال میں بی یو ایم ایس کے پہلے بیچ کے60 طلبا کے لئے موجودہ تعلیمی سال میں کلاسزشروع ہوئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ مرکزی وزارت صحت و فیملی بہبودی نے یونین ٹریٹری میں دو ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے2 ایمز ہسپتال قائم کرنے کو منظوری دی ہے ان میں سے ایک ضلع سانبہ کے وجے نگر میں جبکہ دوسرا ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ میں قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ہسپتالوں کے احاطوں کی دیواروں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ مین کیمپس کی تعمیر کا کام بھی سی پی ڈبلیو ڈی نے شروع کیا ہے۔اتل ڈلوکا کہنا تھا کہ ایمز جموں کے50 ایم بی بی ایس طلبا پر مشتمل پہلے بیچ، کو وجے نگر میں عمارت کی تکمیل تک میڈیکل کالج جموں میں عارضی طور پر منتقل کیا گیا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ بی ایس سی نرسنگ اور بی ایس سی پیرا میڈیکل ایجوکیشن کو کئی گنا مضبوط کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہنرسنگ تعلیم اور تربیت یافتہ نرسنگ عملے کی دستیابی کے لئے5 نرسنگ کالجوں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 3کالجوں میں بی ایس سی نرسنگ کورسز کے کلاسز شروع کے گئے ہیں۔اتل ڈلو کا کہنا تھا کہ علاوہ ازیں دس مزید نرسنگ کالجوں کے قیام کو منظوری دی گئی ہے تاکہ نرسنگ خدمات کو بڑھاوا مل سکے اس طرح یونین ٹریٹری میں نرسنگ کالجوں کی کل تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔اتل ڈلو نے کہا کہ ان کالجوں میں انفراسٹرکچر کے تعمیر کی تکمیل مختلف مرحلوں پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے7 گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں پہلی بار بی ایس سی پیرا میڈیکل کورسز شروع کئے گئے ہیں جن میں 590 سیٹوں کی گنجائش ہے۔