سری نگر//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے طلاب نے آن لائن امتحانات لینے یا پروموشن دینے کی مانگ کو لے کر احتجاج کیا۔ کے این ایس کے مطابق سوموار کو سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ لیگل سٹیڈیز کے طلاب جمع ہوئے اور پُرامن احتجاج کیا۔ احتجاجی طلاب نے ہاتھوں میں پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر ’ہمیں انصاف چاہئے‘‘،’’ہمیںہوسٹل سہولیات فراہم کی جائیں‘‘،’’ ایل جی انتظامیہ ہمیں انصاف فراہم کریں ‘‘، جیسے نعرے درج تھے۔ احتجاج میں شامل ایک طالبہ نے کے این ایس کو بتایا کہ سینٹرل یونیورسٹی انتظامیہ آف لائن طریقہ سے امتحان لینا چاہتی ہے جو کہ طلاب کیلئے ممکن نہیں ہے۔ مذکورہ طالبہ نے مزید کہاکہ 2020سے طلاب ہوسٹل ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات سے محروم ہیںاور اگر وہ یہ سہولیات فراہم نہیں کرسکتے تو اہم اپیل کرتے ہیں کہ یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ مہربانی کرکے ورچیول طریقہ سے امتحان لیں۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح ہمارے کلاسز آئن لائن ہوگئے،اُسی طرح سے ہمارے جو امتحان ہیں، وہ بھی لئے جائیں، اگر نہیں تو ہمیں پرموشن دی جائے۔ مذکورہ طالبہ نے کہاکہ طلاب کو اس بات یقین دہانی دی گئی تھی کہ انہیں پرموشن دی جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا اور یہ دھوکہ ہے اور ہمیں اندھیرے میں رکھاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ کچھ سیمسٹروں میں پرموشن دی گئی لیکن اُس میں بھی امتیاز برتا گیا۔ احتجاج میں شامل طلاب نے کہاکہ UGCکی گائیڈ لائن ہے کہ جو انٹرمیڈیٹ طلاب ہیں، ان کو ترقی دی جائے لیکن سینٹرل یونیورسٹی اس پر بھی عمل نہیں کررہی ہے۔ طلاب نے کہاکہ یہاں جتنی بھی یونیورسیٹیاں ہیں، جیسے کشمیر یونیورسٹی، جموں سینٹرل یونیوسٹی، سکاسٹ، ساوتھ بہار کی سینٹرل یونیورسٹی، سب نے آن لائن امتحان کا انعقاد کیا اور نہ جانے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کو کیا مسئلہ ہے کہ وہ آن لائن امتحانات لینے سے گریزاں ہیں۔ احتجاجی طلاب نے مطالبہ کیا کہ یا تو ان کا آن لائن امتحان لیا جائے یا پرموشن دی جائے اور اگر یونیورسٹی انتظامیہ یہ کہے کہ وہ آف لائن امتحان لیں گے تو اُس کیلئے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔