گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے اسکول آف لیگل اسٹڈیز اور دامودرم سنجیویا نیشنل یونیورسٹی وشاکھاپٹنم نے ہندوستان میں قانونی تحقیق کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں اداروں نے مستقبل میں باہمی تعاون سے متعلق تعلیمی فروغ کے لئے 25 جولائی 2021 کو ایک مفاہمت نامہ پر دستخط ثبت کئے۔ایم او یو طلبا اور اساتذہ کو قانونی تبادلہ اور قانونی تحقیق میں مزید پیشرفت کے مواقع فراہم کرتا ہے اور تعلیمی تعامل کے لئے مواقع پیدا کرے گا ۔سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسرمعراج الدین میر نے وشاکھاپٹنم سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیمی فضلیت کو حاصل کرنے کے لئے اس طرح کے معاہدوں پر زور دیا اور کہا قومی تعلیمی پالیسی باہمی تعاون کے ساتھ تعلیم اور تحقیق پر زور دیتی ہے۔ انہوں نے کہا ،’’مفاہمت نامہ نئی تعلیمی پالیسی کے اہداف کے حصول کے لئے ایک قدم ہے۔‘‘ اس موقع پر دامودارم سنجیویا نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایس سوریہ پرکاش نے اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ معاہدے کو اہداف کے حصول کے مطابق نافذ کیا جائے گا۔شعبہ اسکول لیگل اسٹڈیز کے سربراہ پروفیسر فاروق احمد میر نے انکشاف کیا کہ ماضی قریب میں ایس ایل ایس نے ہندوستان کے دیگر مشہور قانونی اداروں کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ ان میں طلبا اور اساتذہ کاتبادلہ ، قلیل مدتی پروگرام ، مشترکہ کانفرنسیں اور تحقیقی مواقع وغیرہ شامل ہیں۔تاہم ، انہوں نے اس امر پر رضامندی ظاہر کی کہ دیگر چیزوں کے علاوہ ، اس طرح کے مفاہمت ناموں کو باہمی تعاون سے جدید کورسز کی پیش کش پر زیادہ زور دینا ہوگا۔رجسٹرار ، پروفیسر ایم افضل زرگر نے بھی اس بات کا تذکرہ کیا کہ ایم او یوز فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے ۔