پرویز احمد
سرینگر //جموںو کشمیر محکمہ صحت نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں شعبہ امراض قلب میں تعینات ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید مقبول احمد شاہ کو انکوئری مکمل ہونے تک معطل کردیا ہے اور انہیں جی ایم سی جموں کے ساتھ منسلک کردیا ہے۔ کمشنر سیکریٹری صحت و طبی تعلیم کے ایم راجو کے جاری کردہ احکامات میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر سول سروسز رول1956کے رول 31کے تحت دئے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جی ایم سی اننت ناگ کے شعبہ امراض قلب میں تعینات ڈاکٹرسید مقبول احمد شاہ کو انکوائری مکمل ہونے تک معطل کردیا جاتا ہے۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دوران معطلی وہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ساتھ منسلک رہیں گے۔ سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کو آیوشمان بھارت صحت سکیم کے تحت پیس میکر کیلئے جراحی کیلئے رقومات کی واگذاری کیلئے بنائے گئے کیس فائلوںپر شک ہوا، جس پر جی ایم سی اننت ناک کے شعبہ امراض قلب میں کئی گئی 54جراحیوں کی رپورٹ سکمز صورہ کے شعبہ امراض قلب میں بھیجی گئی۔ ان 54معاملات میں سے 27کیسوں میںدل کے left Ventricleمیں خرابی کی وجہ سے پیس میکر ڈالے گئے تھے جبکہ ماہرین کی رائے کے مطابق اس کی ضرورت نہیں تھی۔جی ایم سی اننت ناگ کے انچارج پرنسپل ڈاکٹر جنید سلام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’یہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا ’’ معمول کی جانچ کے دوران ڈاکٹروں نے کچھ مشکوک پایا ہے اور ابھی اس معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے‘‘۔ اس دوران وزیر صحت سکینہ ایتو نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ پر ہم نے ڈاکٹر کو معطل کردیا ہے اورتحقیقات مکمل ہونے پر ہی حقیقت معلوم ہوگی۔