عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر کے ایک وفد نے اپنے صدر طارق غنی کی قیادت میں صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ کے ساتھ ایک میٹنگ میں عام تجارت، ہوٹلوں، ہائوس بوٹ مالکان، صنعتوں اور دیگر متعلقہ شعبوں سے متعلق کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وفد نے ڈویژنل کمشنر کو مختلف اسٹیک ہولڈروں بالخصوص سرمائی سیاحت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا ۔ڈویژنل کمشنر نے وفد کو مثبت نتائج اور تجارتی اور تاجر برادری کے حقیقی تحفظات کو دور کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔میٹنگ کے دوران اہم سیاحتی مقامات بالخصوص گلمرگ، سونمرگ ،پہلگام اور سرینگر کی خوبصورتی پر خصوصی زور دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جا سکے ۔ثقافتی پروگرام، دستکاری کی نمائش اور تہواروں کا انعقاد کرسمس اور نئے سال کے موقع پر کیا جانا چاہیے، جس سے سیاحت کو فروغ دینے اور وادی میں تہوار کا ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہونے پر اتفاق کیا گیا۔