عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اننت ناگ میں ریلوے اسٹیشن پر تعینات سنٹرل ریزرو پولیس فورس اہلکار کی دوران شب دل کا دورہ پڑنے سے موت واقعہ ہو گئی۔ فوت ہوئے اہلکار کی شناخت55 سالہ لکھویندر سنگھ ولد اجائب سنگھ کے طور پر کی ہے، جو ریاست پنجاب کا رہائشی تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ لکھویندر سی آر پی ایف کی90ویں بٹالین میں خدمات انجام دے رہا تھا،بدھ کو دیررات اس اہلکار کی طبیعت انتہائی زیادہ خراب ہوئی جس کے بعد انہیں علاج و معالجہ کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔حکام نے بتایا کہ اہلکار کی موت ’دل کا دورہ‘ پڑنے سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طبی اور قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد ہی متوفی کی میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔