مینڈھر //محکمہ صحت کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ میں سکولی بچوں کو کووڈ ویکسین لگانے کیلئے ایک مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت سب ڈویژن مینڈھر کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول موہری گورسائی میں بچوں کو ویکسین لگائی گئی ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں محکمہ کے ملازمین کی ایک ٹیم نے مذکورہ ہائر سکینڈری سکول میں ایک کیمپ لگا کر بچوں کیساتھ ساتھ ملازمین کو بھی کووڈ ویکسین لگائی ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سرکاری سکولوں میں کچھ کلاسیں بحال کرنے کے بعد محکمہ صحت سبھی بچوں کو کووڈ ویکسین لگانے کیلئے کوششیں کررہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک مہم بھی شروع کی گئی ہے جس کے تحت مذکورہ سکولوں میں جا کر بچوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے ۔ہائر سکینڈری سکول موہری گورسائی کے پرنسپل نے محکمہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے تدریسی عمل میں آسانیاں پیدا ہو نگی ۔