عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// احتیاطی اقدام کے طور پر لوگوں کی نقل و حرکت پر جزوی پابندیاں برقرار رہنے کی وجہ سے کشمیر میں معمولات زندگی مسلسل پانچویں دن بھی جزوی متاثر رہے۔وادی میں سبھی تعلیمی ادارے بشمول کالج اور یونیورسٹیاں بند ہیں، امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں،پر پیڈ موبائل بند ہیں جبکہ موبائل انٹر نیٹ کی سپیڈ 2جی رکھی گئی ہے۔حکام نے جمعرات کو کہا کہ تمام اضلاع میں احتیاطی پابندیاں جاری رہیں گی۔ایک سینئرعہدیدار نے کہا کہ یہ پابندیاں جمعہ کو برقرار رہیں گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ صورتحال پرامن رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو وادی بھر میں مجموعی صورتحال بڑے پیمانے پر پرسکون رہی۔ عہدیداروںنے کہا، جمعرات کو لالچوک سمیت کشمیر کے کئی حصوں میں لوگوں کی نقل و حرکت اور جمع ہونے پر پابندیاں جاری رہیں۔حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے عائد کئے گئے احتیاطی اقدامات ہیں۔ شہر کے وسط میں واقع گھنٹہ گھر چاروں طرف رکاوٹیں کھڑی کر کے علاقے کو سیل کیا گیا ہے۔