اراضی معاوضہ کے معاملات فاسٹ ٹریفک بنیاد پر حل کرنے پر زور
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے گریف اور پی ایم جی ایس وائی کے تحت زیر تعمیر بڑے پروجیکٹوں اور جے کے پی سی سی کی طرف سے ضلع میں کئے جارہے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائیں ۔میٹنگ میں راجوری ۔کنڈی ۔بدھل سڑک ، ساج ۔کھوکھر محلہ ،ترگائیں پل ۔بی جی سڑک ،سیار۔راجوری ،نوشہرہ ۔جھنگڑ ،راجوری ۔درہال،درہال ۔پروڑی، راجوری۔تھنہ منڈی اور دیگر اہم سڑکوں پر تبادلہ خیال کیاگیا اوراس بات کی ہدایت دی گئی کہ ان پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔دریں اثناء ڈسل ، ایم ای سی ۔ودانتا آشرم،بڈالا۔منگ پنج پیر،گھمبیر ۔چمبہ اور اوجھان پلوں کی تعمیر کا جائزہ بھی لیاگیا۔اس موقعہ پر یہ بتایاگیاکہ راجوری۔بی جی سڑک کے چودہ کلو میٹر حصہ پررواں مالی سال میں ہی تارکول بچھایاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی جی ایم جے کے پی سی سی کو ہدایت دی کہ وہ ایم ای سی۔آشرم پل پر کام بحال کیاجائے اور کلکٹر ڈیفنس کو ہدایت دی گئی کہ وہ محکمہ دفاع کی2.5اراضی کی منتقلی کا معاملہ متعلقہ حکام سے اٹھائیں تاکہ پنج پیر ۔بڈالا منگ پل پر کام جلد سے جلد شروع کیاجاسکے۔ضلع میں گریف کے تحت سڑکوں پر مختلف مقامات پر ناجائز تجاوزات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے او سی گریف کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ایک جامع رپورٹ تیار کریں تاکہ ناجائز تجاوزات کارروائی کی جاسکے ۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی ، اوسی گریف ، متعلقہ میونسپلٹی افسر و تحصیلدار پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو سڑکوں کے کنارے پر ہوئی ناجائز تجاوزات ہٹائے گی ۔اس موقعہ پر گریف حکام کو ہدایت دی گئی کہ حادثات سے بچنے کیلئے سڑکوں پر بیریئر لگائے جائیں ۔انہوں نے راجوری۔درہال سڑک پر تارکول بچھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ پی ایم جی ایس وائی کی اس سڑک پر تارکول بچھانے کی مانگ مقامی عوام کی طرف سے کی جارہی ہے جس پر فوری طور پر کام شروع کیاجائے ۔ اس میٹنگ میں زمین کی حصولی اور اراضی کے معاوضے کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ وہ ان معاملات پر ذاتی طور پر توجہ دیں گے تاکہ انہیں جلد سے جلد حل کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملات فاسٹ ٹریک بنیادوں پر نمٹائے جائیں گے تاکہ پروجیکٹ تعطل کاشکار نہ ہوں ۔ میٹنگ میں تمام متعلقہ افسران موجو دتھے۔