سرینگر // سوکھی سبزیاںرواں سرد ترین موسم میں لوگوں کے دسترخوان پر پھر سے نظر آنے لگی ہیں اور ان سبزیوں کو اب اضافی سبزی کے طور پر لوگ استعمال کرنے لگے ہیں۔ وادی بھر میں سوکھی سبزیوں، مچھلیوں اور دالوں کی مانگ کافی بڑھ گئی ہے۔ شہر سرینگر کیساتھ ساتھ دیہات میں سوکھی و جنگلی سبزیوں کا کثرت سے استعمال ہورہا ہے۔خاص کر ان علاقوں میں سوکھی سبزیوں کا زیادہ استعمال ہورہا ہے جہاں حالیہ ایام میں بھاری برفباری ہوئی اور تب سے یہ علاقے دیگر علاقوں سے کٹے ہوئے ہیں۔اتنا ہی نہیں بلکہ شدید سردی اور منفی درجہ حرارت نے ان علاقوں میں سوکھی سبزیوں کا استعمال بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔دسمبر اور جنوری میںبیشتر ایام میںسڑک رابطے منقطع رہے جس کی وجہ سیتازہ سبزیاں مارکیٹ میں نہیں آئیں اور وادی میں ساگ، پالک، ندرو ،مولی، شلغم اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو گئیں۔گوشت کی قلت پہلے ہی تھی۔اس صورتحال اور سخت موسم کی وجہ سے سوکھی سبزیوں کی خرید و فروخت بڑھ گئی اور شہر سرینگر کے مہاراجہ بازار،بٹہ مالو، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، زینہ کدل، بہوری کدل اور دیگر علاقوں میں سوکھی سبزیاں بڑی تعداد میں فروخت ہورہی ہیں۔اتنا ہی نہیں بلکہ مختلف قسم کی دالیں بھی فروخت ہورہی ہیں۔دوردراز جنگلاتی علاقوں میں جنگلی سبزیوں کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے جہاں خواتین موسم بہار میں سبزیاں جنگلاتی علاقوں سے لیکر آتی ہیں ، جنہیں موسم سر ما میں استعمال کی جاتی ہیں۔