راجوری // کوٹرنکہ کے ریحان سوڑا گلہ کے کچھ لوگوںنے الزام عائد کیاہے کہ اس علاقے کیلئے منظور ہوئے پل کو دوسری جگہ منتقل کردیاگیاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ ریاستی سرکار نے جھولا پل کیلئے47لاکھ روپے منظور کئے تاہم پل کوسوڑا گلہ کے بجائے ریحان کیتھر میں تعمیر کیا جارہا ہے جوان کے ساتھ ناانصافی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ یہ پل سیاسی بنیاد پر دوسری جگہ منتقل کیاجارہاہے اوراس کی تعمیر ایسے مقام پر کی جارہی ہے جوآبادی والے علاقے سے ایک کلومیٹر دور واقع ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں ہائی کورٹ سے حکم امتناعی بھی لایاگیاہے تاہم محکمہ تعمیرات زمینی سطح پر حالات اور ہدایات کو پس پشت ڈال کر ریحان کیتھر میں ہی پل تعمیر کرنے پر مصر ہے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ کے ایگزیکٹو افسر راجوری صدیق وانی نے کہا کہ 2014میں مذکورہ پل کا سنگ بنیادرکھا گیاتھا جس کے بعد پل کے کنارے بھی تیار کئے گئے اوراکثرآبادی کا مطالبہ بھی ریحان کیتھر میں ہی اس کی تعمیر ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایک دو لوگ پل کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی بات کررہے ہیں جس میں ان کا ذاتی مفاد شامل ہے ۔ان کاکہناتھاکہ عدالت سے حکم امتناعی کوئی بھی لے سکتاہے تاہم انہیں مفاد عامہ دیکھناہے اورریحان کیتھرہی پل کے لئے معقول جگہ ہے ۔ان کاکہناہے کہ اگلے پلان میں اگرسڑک منظور ہوئی تو وہ بھی اسی راستے سے بنائی جاسکتی ہے جبکہ دوسری جگہ ایک طرف قبرستان ہے اور وہ جگہ پل کی تعمیر کے لئے معقول بھی نہیں ۔