جموں//گرامین بنک کی طرف سے سوچھ بھارت مشن کی چوتھی سالگرہ کے سلسلہ میں ریاست بھر میں 167تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نبارڈ کا بھی اشتراک حاصل تھا۔ پریس کے لئے جاری ریلیز کے مطابق جموں کے علاوہ پونچھ ، راجوری، کٹھوعہ، سانبہ ، بانڈی پور، بارہمولہ، لیہہ، کرگل اور کپوارہ میں سوچھتا ہی سیوا کی مناسبت سے پروگراموں کااہتمام کیا گیا۔ چیئر مین گرامین بنک جنک راج انگرال نے ان پروگراموں کے انعقاد پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ملازمین کی طرف سے مرکزی اسکیم سوچھ بھارت کو کامیاب بنانے کے لئے جوش و خروش سے حصہ لینے کے لئے ستائش کی تا کہ ریاست کو سر سبز اور پاک و صاف بنایا جا سکے ۔ اس موقعہ پر رومیش وئید جنرل منیجر نے صفائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ صاف ستھرے ماحول میں ہی پاکیزہ سماج تشکیل دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر گرامین بنک اس اسکیم کو آگے بڑھانے کے لئے ہر ممکن امداد دیتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع جموں کے چوکی چورہ، ڈگیانہ ، جندراہ، کالو چک، کھیری، مائرہ اور ملک مارکیٹ میں 8پروگرام منائے گئے ۔ پونچھ کے جلا س اور منکوٹ جب کہ کٹھوعہ اور راجوری میں ایک ایک ایسا پروگرام منعقد کیا گیا ہے ۔