کپوارہ+سوپور//سوپور قصبہ اور اس کے گرونواح اور ترہگام کپوارہ میں بجلی کی ناقص سپلائی کی وجہ سے لوگ محکمہ بجلی سے ناراض ہیں اور انہوں نے محکمہ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں بہتری لانے کیلئے اقدام کئے جائیں اوربغیرشیڈول بجلی کی کٹوتی سے اجتناب کیاجائے۔ سوپور اور اس کے گرد نواح کے علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی اس قدر بغیر شیڈول کٹوتی اور عدم دستیابی کو لیکر قصبہ اور دیگر گرد نواح علاقوں کے لوگوں نے کئی مرتبہ سڑکوں پر آکر محکمہ پی، ڈی، ڈی کے خلاف زور دار احتجاج کیا تھا، تاہم حکام نے کافی یقین دہانیوں کے باوجود بھی اس مسئلہ کا کوئی ٹھوس اور پائیدار حل نہیں نکالا ۔مقامی لوگوں نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ اس پورے موسم سرما میں بجلی کی بدترین کٹوتی انہیں دیکھنے کو ملی ۔ بجلی کٹوتی کو لیکر کارڑنیشن کمیٹی سوپور نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوپور قصبہ کے ساتھ حکومت گزشتہ کہیں دہائیوں سے سو تیلی ماں جیسا سلوک کرتی آئی ہے۔ کارڑنیشن کمیٹی کے عہدیداروں نے انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی نظام کو مستحکم بنانے کے لئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھانے کے لئے مرتب شدہ شیڈول کے تحت ہی بجلی فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ادھربجلی کی عدم دستیابی پر ترہگام کے لوگو ں میں محکمہ بجلی کے تئیں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے اور انہو ں نے دھمکی دی کہ اگرصارفین کو فوری طور معقول بجلی سپلائی فراہم نہیں کی گئی تو وہ زور دار احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ترہگام 4پنچائتی حلقوں پر مشتمل ہے لیکن بنیادی سہولیات خاص طور بجلی سپلائی سے محروم ہے ۔ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر غلام رسول شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گزشتہ سال نومبر کے مہینے سے علاقہ ترہگام میں بجلی کی سخت قلت پیدا ہوئی ہے لیکن گزشتہ ایک ہفتہ سے بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کا جینا حرام کر دیا ہے اور بار بار بجلی کی آنکھ مچولی سے نہ صرف عام لوگو ں بلکہ زیر تعلیم طلبہ اور تاجر انجمنو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہو ں نے مزید بتا یا کہ کہ محکمہ بجلی شیڈول کے مطابق صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں مکمل طور ناکام ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترہگام علاقہ میں اگرچہ شیڈول کے علاوہ بجلی سپلائی میں کٹوتی کی جاتی ہے تاہم ویلگام میں قائم گرڈ اسٹیشن سے الگ ایک گھنٹہ کی بجلی کٹوتی کی جاتی ہے ۔مقامی لوگو ں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ترہگام علاقہ میں معقول بجلی سپلائی فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر وہ سڑکو ں پر آنے کے لئے مجبور ہیں جس کی ذمہ داری محکمہ پر عائد ہوگی ۔