کنگن//سیاحتی مقام سونہ مرگ کو 24فروری کے روز آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا ۔موسم خوشگوار ہونے اور سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی سونہ مرگ میں قائم ہوٹل والوں، ٹرانسپورٹروں، مرکبانوںاور دوکانداروں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ سیاحتی مقام سونہ مرگ کو آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے تاکہ سیاح یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکیں ۔ضلع انتظامیہ نے سیاحت سے وابستہ لوگوں کی مانگ کو جائز قرار دیکر بدھ کو سیاحتی مقام سونہ مرگ میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال، ڈائریکٹر ٹورا زم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، چیف ایگزیکٹیو افسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مشتاق احمد راتھرکے علاوہ تمام افسران ، ٹرانسپورٹروں، ہوٹیلرس ایسوسی ایشن، بائکرس اور دیگر انجمنوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے کام دو روز تک مکمل کریں تاکہ سونہ مرگ میں آنے والے سیاحوں کو کسی بھی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ہوٹل مالکان سے کہا کہ وہ اپنے ہوٹل میں کام کاج شروع کریں۔ شفقت اقبال نے بتایا کہ سونہ مرگ کھلنے کے بعد سیاحوں کو فش پوائنٹ تک جانے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سونہ مرگ کے ساتھ ساتھ اس سال’ وشن سر‘ جو ایک خوبصورت سیاحتی جگہ ہے، کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو افسر کو ہدایت دی کہ وہ 24 فروری سے پہلے پہلے تمام تیاریاں مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ امسال کم تعداد میں ہوئی برف باری کے پیش نظر سونہ مرگ کو فروری میں ہی کھول دیا جائے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ زیڈ مور ٹنل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد سونہ مرگ سال بھر کھلا رہے گا جس سے یہاں سیاحت سے وابستہ لوگوں کو روز گار حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ 24فروری کو سونہ مرگ کو آمدورفت کے لئے بحال کرنے کے ساتھ ہی ایک سنو فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سونہ مرگ کو کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے ہوٹل مالکان سے کہا کہ وہ ہوٹلوں میں صفائی رکھیں۔ انہوں نے بتایاکہ سونہ مرگ کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے گی۔ ناظم سیاحت نے ہوٹل مالکان سے کہا کہ وہ سونہ مرگ کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے اپنا بہتر رول ادا کریں تاکہ سونہ مرگ کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاح راغب ہوسکیں۔