جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے کہاہے کہ سنت کبیرکی تعلیمات موجودہ دورمیں سماج سے منافرت اورآپسی رشتوں میں پیداہونے والی دراڑکے خاتمے کیلئے کافی اہمیت کی حامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سنت کبیرنے امن،پیارکادرس دیااورانہوں نے سماج سے نابرابری کے خاتمے کیلئے جورول اداکیااسے فراموش نہیں کیاجاسکتاہے۔ ان خیالات کااظہاردویندرسنگھ رانانے پنچایت کٹل بٹال کے ناڑیاں میں کبیرآشرم میں سنت کبیرجیتنی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس دوران سنت سدرشن جی مہاراج بھی موجودتھے۔رانانے کہاکہ کبیرکی بھگتی شاعری انسانوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی تعلیمات ہرمذہب،طبقے اوررنگ ونسل کے لوگوں کیلئے ہے۔انہوں نے کہاکہ سنت کبیرکافلسفہ پوری انسانیت کی خدمت کیلئے ہے۔ انہوں نے منتظمین کاپروگرام کے انعقادکیلئے کاوشوں کوسراہا۔ انہوں نے سنت سدرشن جی مہاراج کے سماج میں برابری اورسماجی انصاف کیلئے تعلیمات عام کرنے کیلئے رول کی بھی ستائش کی۔انہوں نے کہاکہ سنت کبیرکادکھاہواراستہ موجودہ دورجس میں منافرت اورعدم برداشت عام ہوگئی ہے کی کافی اہمیت ہے۔انہوں نے کہاکہ سنت کواصل خراج ان کی تعلیمات پرعمل پیراہونے سے ہی پیش کیاجاسکتاہے۔اس موقعہ پر سدرشن جی مہاراج نے سنگت کوخطاب کرتے ہوئے سنت کبیرکی تعلیمات کواپنانے پرزوردیا۔انہوں نے سماج کے کمزورطبقوں کی بہبودکیلئے دویندرراناکی طرف سے کی جارہی کاوشوں کوبھی سراہا۔بعدازاں رانانے آشرک کے نزدیک کمیٹی واش روم بلاک کاافتتاح کیاجس کیلئے سی ڈی ایف سے رقومات واگذارکی گئی تھیں۔اس موقعہ پر رامیشوردت ،موہن لال، جتندرکمار،مدن لال، رومیش سنگھ، لمبردارپورن سنگھ،درشن کمار، جگدیش کمارودیگران بھی موجودتھے۔