سرنکوٹ // سنئی سڑک پر محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے کئی سال بعد اگرچہ مرمت اور تارکول کاکام شروع کیاگیاہے تاہم مقامی لوگوں کی شکایت ہے کہ یہ مرمت اور تار کول بچھائے جانے کا کام معیاری ڈھنگ سے نہیں کیا جا رہا ۔اس سلسلہ میں مقامی لوگوں نے محکمہ سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کا کام کئی سال سے التوا میں پڑا ہوا تھا، اب جب کام شروع کیا گیا تو اس میں غیر معیاری سامان استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے تار کول چند ہی روز میں سڑک سے اکھڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار سڑک پر بجری اور مٹی ڈالنے کے ساتھ ساتھ ہی اس پر تارکول بچھا رہے ہیں ،یہ بھی ایک وجہ ہے کہ سڑک پر تارکول نہیں ٹکتا ۔ایک مقامی شخص نے الزام لگایاکہ سڑک کیلئے منظور ہوئی رقم کا بیس فیصد حصہ بھی زمینی سطح پر خرچ نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ سڑک کناروں حفاظتی باندھ بھی نہیں باندھے گئے جس کی وجہ سے جگہ جگہ پسیاں گر رہی ہیں اور نالیاں بند ہو رہی ہیں۔انہوں ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کریں اور سڑک کا کام معیاری طریقہ سے سرانجام دیاجائے ۔