ایجنسیز
نئی دہلی//سری لنکا کے ساحلی علاقوں اور اس سے متصل خلیج بنگال کے جنوب مغربی علاقوں میں اْٹھے سمندری طوفان ’دتوا‘ نے تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں دستک دے دی ہے۔ ناگاپٹنم علاقے میں ساحلوں پر اونچی لہریں، تیز ہوائیں اور بھاری بارش ہونے لگی ہے۔ اس کے علاوہ سمندری طوفان 7 گھنٹہ فی کلومیٹر کی رفتار سے لگاتار شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں کے لیے ’اورنج الرٹ‘ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات ہند کے مطابق ہفتہ کی رات 2.30 بجے طوفان کا مرکز 9.2 ڈگری شمال اور 80.8 ڈگری مشرق میں مرکوز تھا جو ترنکومالی سے 80 کلومیٹر شمال مغرب اور چنئی سے تقریباً 430 کلومیٹر جنوب میں تھا۔ توقع ہے کہ سمندری طوفان شمال، شمال مغرب کی طرف بڑھتا رہے گا اور 30 نومبر کو شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں تک پہنچے گا۔سمندری طوفان ’دتوا‘ کے پیش نظر تمل ناڈو میں این ڈی آر ایف کی 8 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں 240 اہلکار شامل ہیں۔ وہیں پڈوچیری میں 60 لوگوں پر مشتمل 2 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں سراغ رساں کتے بھی شامل ہیں، پھنسے ہوئے لوگوں کو تلاش کرنے میں مدد کریں گے۔ یہ ٹیمیں کڈالور، تیروارور، تنجاور، ناگاپٹنم، مائیلادوتھرائی، پدوکوٹائی اور کئی دیگر اضلاع میں تعینات ہیں۔طوفان کے اثر سے تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رامناتھ پورم، پڈوکوٹائی، تنجاور، تروارور، ناگاپٹنم اور کرائیکل میں کچھ مقامات پر بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ تھوتھکوڈی، شیوگنگئی، آریالور اور مائیلا دوتھرائی میں بھی بھاری سے بہت زیادہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کنیا کماری، ترونیل ویلی، ویردھونگر، مدورائی، تروچراپلی، پیرامبلور اور کڈالور اضلاع میں بھی متعدد مقامات پر بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔شدید موسم کے پیش نظر تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں اسکول اور کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آریالور، تروچی، تنجاور اور ولوپورم اضلاع میں اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔