عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// صوبہ کشمیر کے ٹرانسپورٹروں نے مختلف اضلاع میں سمارٹ بس سروس کی مجوزہ توسیع کے خلاف احتجاج میں پیر کو مکمل چکہ جام کی کال دی ہے۔ جس سے مقامی ٹرانسپورٹ سیکٹر پر اس کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹروں کے لیڈر شبیر احمدمٹہ نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نجی ٹرانسپورٹ پر انحصار کرنے والے ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ آپریٹرز پہلے ہی متعدد چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں، اور سمارٹ سٹی بسوں کی ضلعی روٹس تک توسیع نے سیکٹر کے اندر غیر یقینی صورتحال کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ باڈی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی طور پر قابل قبول حل پر پہنچنے کے لیے مشاورت کرے۔ ٹرانسپورٹروں نے کہا کہ وہ پیر کو پوری وادی میں خدمات کی مکمل بندش کا مشاہدہ کریں گے اور عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ مسافروں کو تکالیف سے بچانے کیلئے اقدامات کریں۔