جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا ہے کہ جسمانی طور ناخیز طُلاب میں پنہاں صلاحیتوں کو اُبھارنے کی ضرورت ہے تا کہ وہ بھی ملک کی تعمیر میں اپنا اہم رول اد اکرسکیں۔سماج کلیان کیندر (ایس کے کے) جموں کی سالانہ دِن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جسمانی طور ناخیز بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں کو اُجاگر کیا۔سماج کلیان کیندر جموں میںسمات سے محروم بچوں کا ایک سکول چلارہا ہے۔ تقریب کا انعقاد رنگ یُگ نے بین الاقوامی’’ ویک آف ڈیف‘‘ کے موقعہ پر کیا تھا۔ مشیر موصوف نے کیندر کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ گورنر انتظامیہ جسمانی طور ناخیز بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں کوئی بھی کسر اُٹھا نہیں رکھے گی۔انہوں نے ایس کے کے جیسے غیر سرکاری تنظیموں کی ان کوششوں کو سراہا جن کے تحت سماج کے کمزور طبقوں کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ادارے کی ممبر شِپ حاصل کرتے ہوئے عظیم مقصد میں اپنا رول نبھائیں۔ اس سے قبل کے صدر کے بی جنڈیال نے کہا کہ اس پروگرام کو بڑے پیمانے کا منعقد کرنے کا مقصد سماجی، مالی اور تعلیمی لحاظ سے کمزور ان بچوں کی باز آباد کاری کرنا ہے۔ان بچوں کے تعلیمی اور کھیل کود کے شعبۂ میں کارکردگی کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان بچوں نے 8 ویں،10 ویں اور12 ویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹے نیشنل جوڈو چیمپین شِپ میں ان بچوں نے سونے کے5 ، چاندی کے4 اور کانسے کے4 میڈل حاصل کئے۔اس موقعہ پر سکول کے طُلاب نے ڈوگری رقص اور موسیقی کے پروگرام پیش کئے جنہیں سامعین نے سراہا۔خورشید گنائی نے سکول کے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔سماجی بہبود محکمہ کے ڈائریکٹر، ناظم تعلیم جموں، سکول کے بانی اور دیگر معزز شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔