انقرہ//ترک صدر رجب طیب اردغان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون رابطہ کیا اور قطر کے ساتھ خلیجی ممالک اور سعودی عرب میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ترک صدر کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سعودی رہنمائوں نے ترکی کی جانب سے قطر کے ساتھ کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔بیان کے مطابق طیب اردغان نے بدھ کی شام کو سعودی رہنمائوں سے رابطہ کیا اور دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات میں بہتری پر زور دیا۔ اس موقع پر ترک صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد بننے پر مبارکباد بھی دی۔صدارتی بیان میں کہا گیا کہ ایردوآن اور شاہ سلمان نے اگلے ماہ ہیمبرگ میں جی 20 سربراہ اجلاس کے دوران بالمشافہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔