آیئے! صحت مند جموں وکشمیر کے لئے کام مل کر کریں، ایل جی کی اپیل
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو یہاں کہاکہ جموں و کشمیر انتظامیہ منشیات کے استعمال کے متاثرین کی بحالی کے لئے تین سالہ نگرانی کے پروگرام پر کام کر رہی ہے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی اور پاسپورٹ منسوخ کرنے کی سفارش سمیت سخت اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ایل جی نے یہ بھی کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر میں منشیات کی سمگلنگ کا دہشت گردی سے براہ راست تعلق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “کچھ منشیات کے سمگلر شاید نارکو محل تعمیر کر رہے ہوں گے، معاشی طور پر خوشحال ہو رہے ہیں، لیکن بالآخر، زیادہ تر رقم ملی ٹینسی اور بنیاد پرستی کو ہوا دیتی ہے،” ۔ ایل جی نے کہا کہ جہاں مزید بحالی مراکز تعمیر کیے جائیں گے، وہیں موجودہ مراکز میں بنیادی ڈھانچے کو بھی بڑھایا جائے گا۔سنہا نے راج بھون میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ “یہ سچ ہے کہ ہمیں مزید بحالی مراکز بنانے کی ضرورت ہے۔ لیکن وہ فوری طور پر نہیں بنائے جا سکتے، اس لیے جو بحالی مراکز موجود ہیں، وہاںمتاثرین کے علاج کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہسپتالوں میں ایسے لوگوں کے لیے او پی ڈی اور آئی پی ڈی دونوں سہولیات کافی حد تک دستیاب ہوں”۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ متاثرین کی بحالی کے لیے تین سالہ مانیٹرنگ پروگرام پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم بحالی کا ایک تفصیلی منصوبہ بھی بنا رہے ہیں، تاکہ اگر کوئی نشے کی لت میں آجاتا ہے اور پھر باہر نکل جاتا ہے، تو ہم تین سال تک ان کا سراغ لگا سکتے ہیں اور ان کی بحالی کے لیے مکمل انتظامات کر سکتے ہیں۔”منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی پر، ایل جی نے کہا کہ ایک ایس او پی میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ میں پکڑے جانے والے کو نہ صرف فوجداری مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ اس کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے، اگر ان کے پاس گاڑی ہے تو اس کی رجسٹریشن ختم کر دی جائے گی، اگر ان کے پاس پاسپورٹ ہے تو پاسپورٹ منسوخ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔سنہا نے مزید کہا کہ بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا جائے گا، آدھار کارڈ پر کارروائی کی جائے گی، اور اگر فرار ہو گئے تو ایک لک آئوٹ نوٹس جاری کیا جائے گا، اور ان کی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا”مجھے لگتا ہے کہ 21 دنوں میں، اس کا وسیع اثر نظر آرہا ہے۔ اب تک تقریبا 50-60 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے مختلف مہموں میں حصہ لیا ہے۔ جموں اور کشمیر دونوں ڈویژنوں میں مقدمات کے اندراج میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور یہ کارروائیاں بھی بہت مثبت طریقے سے کی جا رہی ہیں،” ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر کے لوگوں سے ایک بڑی عوامی تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کی جس کا مقصد منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر ہے، اور 3 مئی کو ٹی آر سی فٹ بال سٹیڈیم سری نگر میں منعقد ہونے والی میگا پدیاترا کا اعلان کیا۔انہوں نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پد یاترا میں شرکت کریں اور اجتماعی طور پر منشیات کے خلاف موقف اختیار کریں۔”آئیے ہم متحد ہوں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند جموں و کشمیر بنانے کے لیے مل کر کام کریں،” انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات مہم کی کامیابی کے لیے کمیونٹی کی شمولیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔