عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے بھارتی شہری تحفظ سنہتا کی دفعہ 163 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ضلع سرینگر کے علاقائی دائرہ اختیار میں تمام ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک سروسز کو دو ماہ کے لیے فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرینگر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے ذاتی مفادات کے ذریعہ وی پی این خدمات کے غلط استعمال کے بارے میں خدشات کی اطلاع دی تھی جس کے ضلع میں امن عامہ اور سائبر سیکورٹی پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔آرڈر کے مطابق، وی پی این سروسز، انکرپٹڈ ڈیٹا کی ترسیل اور پوائنٹ ٹو پوائنٹ ٹنل بنا کر، صارفین کو آئی پی ایڈریس چھپانے اور ویب سائٹ کی پابندیوں اور فائر والز کو نظرانداز کرنے کے قابل بناتی ہیں۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس طرح کی خصوصیات غیر قانونی اور ملک مخالف سرگرمیوں، بشمول بدامنی کو بھڑکانا، اشتعال انگیز مواد پھیلانا، اور امن و امان کی بحالی کے لیے نقصاندہ سرگرمیوں میں ہم آہنگی کے لیے استعمال ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے نوٹ کیا کہ VPNs کے غیر محدود استعمال سے عوامی تحفظ، سائبر سیکورٹی، اور حساس ڈیٹا کے تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں، جس سے وسیع تر عوامی مفاد میں فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔تاہم، حکم نامہ واضح کرتا ہے کہ معطلی کا اطلاق نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کے ذریعے کام کرنے والے سرکاری محکموں کے مجاز VPN استعمال پر نہیں ہوگا۔چونکہ تمام متعلقہ افراد کو انفرادی نوٹس بھیجنا ناقابل عمل سمجھا گیا تھا، اس لیے یہ حکم یک طرفہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔ سرینگر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حکم پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ادھر وی پی این خدمات کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کریک ڈان میں، گاندربل پولیس نے 11 افراد کے خلاف احتیاطی کارروائی کی ہے جو ضلع مجسٹریٹ، گاندربل کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ہیں، اور انہیں بھارتیہ شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ تصدیق کے دوران، پولیس سٹیشن گاندربل اور کنگن کے دائرہ اختیار میں 11 افراد غیر قانونی طور پر VPN خدمات کا استعمال کرتے ہوئے پائے گئے اور ان کو سیکشن 126 بی این ایس ایس کے تحت پابند کیا گیا۔