عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کی مجلسِ عاملہ کا ایک روزہ اجلاس کل پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنرل سیکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری چودھری محمد رمضان، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، کابینہ وزراء سکینہ ایتو اور جاوید ڈار، صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر سمیت مجلسِ عاملہ کے اراکین اور خصوصی طور مدعو لیڈران نے شرکت کی۔طویل اجلاس میں جموں و کشمیر اور لداخ کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل و مشکلات، پارٹی سرگرمیوں، تنظیمی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ماضی میں بھی بے شمار چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور ہمیشہ عوامی حمایت کی بدولت سرخرو ہوکر اُبھری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے مفادات کے تحفظ کیلئے مالی اور جانی قربانیاں دی ہیں اور موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ بھی اسی عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے گمراہ کن بیانات، جھوٹے پروپیگنڈے اور ڈرامہ بازی سے نیشنل کانفرنس کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس جماعت کو عوام کی بے لوث حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ عوام کے احساسات، جذبات اور اُمنگوں کی ترجمان رہی ہے اور آئندہ بھی عوامی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ ممبرانِ اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ ہر حال میں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی ممبرشپ مہم فوری طور شروع کرنے اور تنظیمی انتخابات کیلئے تیاریوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر متحرک اور حقیقی نمائندوں کو آگے لایا جائے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہر ضلع میں پارٹی کنونشن منعقد کرنے، عوامی مسائل و مطالبات کی جانکاری حاصل کرنے اور ان کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقوں میں نیشنل کانفرنس کے ممبرانِ اسمبلی موجود نہیں ہیں وہاں ممبرانِ پارلیمان اور متعلقہ انچارج حضرات عوامی مسائل کے حل کیلئے سرگرم کردار ادا کریں اور ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ واگذاری کو یقینی بنایا جائے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم نیشنل کانفرنس ماضی کی طرح ان چیلنجوں کا بھی ثابت قدمی سے مقابلہ کرے گی۔انہوں نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ ممبرشپ مہم کے ساتھ ساتھ مردم شماری کے حوالے سے بھی عوام میں بیداری پیدا کریں اور مردم شماری کی اہمیت و افادیت سے لوگوں کو آگاہ کریں۔اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ ، اقلیتی، خواتین ، ٹریڈیونین اور یوتھ ونگ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔